پولیس اسٹیشنزکا ماحول بہتر بنایا جائے،گورنر سندھ کی ہدایت

عوام تھانے آتے ہوئے خوف محسوس کرتے ہیں اور اس وجہ سے کئی سائل اپنی شکایات درج کرانے تھانے نہیں آتے چھوٹی چھوٹی چیزوں کو ٹھیک کرکے پولیس کے بارے میں عوام کے تاثر کو بہت بہتر بنایا جاسکتا ہے

جمعرات 3 مارچ 2016 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ پولیس اسٹیشنزکے ماحول کو بہتر بنایا جائے تاکہ کوئی بھی سائل بلا خوف و خطر اپنی شکایت لے کر تھانہ میں آسکے کیونکہ یہ عام شکایت ہے کہ عوام تھانے آتے ہوئے خوف محسوس کرتے ہیں اور اس وجہ سے کئی سائل اپنی شکایات درج کرانے تھانے نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی چیزوں کو ٹھیک کرکے پولیس کے بارے میں عوام کے تاثر کو بہت بہتر بنایا جاسکتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ عوام پولیس پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کیلئے تھانوں کا رخ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات صدر اور عزیز بھٹی تھانوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موثر نگرانی اور مربوط نظام کے تحت علاقوں سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے اس ضمن میں پولیس اپنے علاقہ سے جرائم کی روک تھام کے لئے انٹیلی جینس نظام کو مزید فعال کریں۔ انہوں نے کہاکہ کمیونٹی پولیسنگ کے نظام کو متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ خصوصاً اسٹریٹ کرائمز پر موثر طریقہ سے قابو پایا جاسکیکیونکہ ترقی کرتے ہوئے شہروں میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کمیونٹی پولیسنگ کا نظام استعمال کیا جاتا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی آپریشن میں رینجرز اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے جس کے لئے کراچی، صوبہ اور ملک کے عوام ان کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں ، بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز اور اغواء برائے تاوان کے مجرمان کے خلاف آپریشن پوری کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک بغیر کسی دباؤ کے جاری رہے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جرائم کے اعداد و شمار کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کرناضروری ہے کیونکہ ہر تھانہ میں کچھ مخصوص علاقہ ایسے ہوتے ہیں جہاں اسٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم دوسرے علاقوں کے مقابلہ میں زیادہ ہوتے ہیں اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج کے اس دورے کا مقصد تھانوں کی صورتحال کا ذاتی طور پر جائزہ لینا ہے تاکہ ان کی کارکردگی اور مسائل کا اندازہ لگایا جاسکے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ امن و امان کی بہتری کے بعد ترقیاتی کاموں اور تھانوں کے نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے گورنر سندھ نے صدر تھانے میں بلوچ کالونی سے آئے ہوئے ایک شخص کی شکایت پر کہ پولیس اسے ناجائز طور پر تنگ کررہی ہے سینئر پولیس حکام کو ہدایت کی کہ اس کی شکایت کا ازالہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے منصوبے کو فعال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تھانوں اور چوکیوں کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لیتے رہتے ہیں انہوں نے تھانوں کا دورہ کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا

متعلقہ عنوان :