چیئرمین کاپاکستان کی جانب سے سری لنکا کو جے ایف سیونٹین جہازوں کی فروخت کے مجوزے سودے کی منسوخی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دینے کیلئے وزیر دفاع پیداوار کی غیر موجودگی پر اظہار برہمی

سینیٹ سیکرٹری سیکرٹری دفاعی پیداوار کو نوٹس جاری کرے اور معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے، میاں رضا ربانی کی ہدایت

جمعرات 3 مارچ 2016 21:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو جے ایف سیونٹین جہازوں کی فروخت کے مجوزے سودے کی منسوخی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دینے کیلئے وزیر دفاع پیداوار کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ سینیٹ سیکرٹری سیکرٹری دفاعی پیداوار کو نوٹس جاری کرے اور معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے ۔

جمعرات سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں سینیٹر سحر کامران نے بھارتی حکومت کے منفی پراپیگنڈے اور اثر کی وجہ سے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو جے ایف سیونٹین جہازوں کی فروخت کے مجوزے سودے کی منسوخی سے متعلق انتہائی عوامی اہمیت کے حامل معاملے کی جانب وزیر برائے دفاعی پیداوار کی توجہ مبذول کرائی اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے پوچھا کہ اس کا جواب کون دیگا ۔

(جاری ہے)

وزیر دفاعی پیداوار ایوا ن میں نہیں ہیں وزیر دفاعی پیداوار کی غیر موجودگی میں کسی دوسرے وزیر کو جواب دینے کیلئے پابند کیا جانا چاہئے تھا ۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ سینیٹ سیکرٹریٹ سیکرٹری دفاعی پیداوار کو نوٹس جاری کرے اور اس معاملے کو استحقاق کمیٹی میں پیش کیا جائے اور جواب دے کہ کسی دوسرے وزیر کی ڈیوٹی جواب دینے کیلئے کیوں نہیں لگائی گئی ۔