قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کا اجلاس

گزشتہ دو سال کے دوران پارلیمنٹ لاجز اور ایم این اے ہاسٹل پر اٹھنے والے اخراجات اور امریکا اور پاکستان کے مابین مسافروں پر سفری پابندیوں کے معاہدے کی تفصیلات طلب

جمعرات 3 مارچ 2016 20:14

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات نے گزشتہ دو سال کے دوران پارلیمنٹ لاجز اور ایم این اے ہاسٹل پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چوہدری اسد الرحمن کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ ایم این اے ہاسٹل کے خاکروب کی گزشتہ چار ماہ کی تنخواہ کے حوالے سے سی ڈی اے حکام نے کہا کہ حکومت 3 ماہ بعد بجٹ جاری کرتی ہے، بجٹ ملنے پر جلد تنخواہ ادا کر دی جائے گی۔

کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں سی ڈی اے کے چیئرمین کو طلب کرتے ہوئے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ ایم این اے ہاسٹل کے ملازمین کی تنخواہ انتہائی کم ہے۔ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد کو کینیڈا جانے کی اجازت نہ ملنے کے معاملے پر بھی غور کیا۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کے حکام نے کہا کہ شیخ رشید کو کینیڈا جانے کی اجازت نہ دینے کا معاملہ امریکی سفارتخانے سے اٹھایا ہے۔

اس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں امریکا نہیں کینیڈا جا رہا تھا، پھر امریکا نے مجھے کیوں روکا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کو مجھ سے معافی مانگنی چاہئے۔ کمیٹی نے اس معاملے پر وزارت خارجہ سے 31 مارچ تک اس معاملے کی رپورٹ طلب کر لی۔ کمیٹی نے امریکا اور پاکستان کے مابین مسافروں پر سفری پابندیوں کے معاہدے کی تفصیلات بھی وزارت خارجہ سے طلب کر لیں۔

کمیٹی کے چیئرمین چوہدری اسد الرحمن نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سے استفسار کیا کہ شیخ رشید احمد کو کس اتھارٹی کے تحت امریکی سفارتخانے کے اہلکار کے کہنے پر آف لوڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی پالیسی یا بین الاقوامی قانون کے برعکس شیخ رشید احمد کو آف لوڈ کیا گیا ہے تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرینگے۔ سیکرٹری سول ایوی ایشن نے کمیٹی کو بتایا کہ اگر ہم معاہدے کے تحت مسافروں کی تفصیلات امریکا کو نہ دیں تو وہ پروازوں کی اجازت نہیں دے گا۔

کمیٹی کے چیئرمین چوہدری اسد الرحمن نے کہا کہ اگر امریکا پاکستان کو پروازوں کی اجازت نہ دے تو ہمیں بھی انہیں اجازت نہیں دینی چاہئے۔ سیکرٹری سول ایوی ایشن نے کہا کہ امریکا کی پاکستان میں کوئی پرواز ہی نہیں آتی۔ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ امریکا بھارت سے شاہ رخ کے معاملے پر معافی مانگ سکتا ہے تو شیخ رشید سے کیوں نہیں مانگ سکتا۔ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی جانب سے ایف آئی آر کا اندراج نہ ہونے کے معاملے پر سندھ حکومت کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ مسترد کر دی۔