دنیا کی بہترین آن لائن ٹیکسی سروس کا پاکستان میں آنا خوش آئند ہے ‘ ڈاکٹر سیف

ٹیکسی کی آسان، سستی اور فوری سروس کے ساتھ نوجوان ڈرائیوروں کو باعزت روزگار ملے گا

جمعرات 3 مارچ 2016 20:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ دنیا کی بہترین آن لائن ٹیکسی سروس کا پاکستان میں آنا خوش آئند ہے ،اس سے نہ صرف ٹیکسی کی آسان، سستی اور فوری سروس ملے گی بلکہ نوجوان ڈرائیوروں کو باعزت روزگار ملے گا، ٹریفک کے رش میں کمی ہو گی اورجدید ٹیکنالوجی کا کلچر فروغ پائے گا جبکہ پوری دنیا میں پاکستا ن کا سافٹ امیج اجاگر ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارفع آئی ٹی ٹاور میں اُبر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمشرقِ وسطیٰ و پاکستان کے لئے اُبر کے لانچر مسٹر لوئک اماڈو اور کنٹری مینجر زوہیر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پنجاب آئی ٹی بورڈ اور اُبر کے اشتراک سے عوام کو جدید دور کی ٹرانسپورٹ کے کرائے کی ادائیگی نقد یا موبائل فون دونوں ذرائع سے ممکن ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر ِ اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی اُبر ٹیکسی کو لاجواب ٹرانسپورٹ سروس قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے لاہور میں یہ ٹیکسی سروس دستیاب ہے اور کوئی بھی شہری اپنے موبائل فون پر اُبر ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر کے حسبِ ضرورت کسی بھی جگہ مختصر وقت میں ٹیکسی منگوا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی ٹی بی اُبر کے آن لائن سسٹم کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے علاوہ گاڑیوں اور ڈرائیوروں کی تصدیق کو یقینی بنائے گا تاکہ کوئی چوری کی گاڑی بطور ٹیکسی استعمال نہ ہوسکے یا ریکارڈ یافتہ افراد ڈرائیور کے طور پر بھرتی نہ ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اُبر ایلی کیشن کے ذریعے ڈرائیور کا نام، تصویر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ تک دیکھا جا سکے گا۔مسٹر لوئک اماڈو نے کہا کہ مجھے آج بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے خوبصورت لاہور کیلئے اُبر ٹیکسی سروس کا خوبصورت تحفہ دیا ہے جو ذرائع نقل و حمل میں نئی تاریخ رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اُبر ٹیکسی سستی ، قابلِ اعتماد اور محفوظ سواری کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔

مسٹر زوہیر نے کہا کہ لاہور میں کامیابی کے بعد دیگر بڑے شہروں سے بھی یہ سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا کرایہ بھی مناسب ہے جبکہ مرکزی ڈیش بورڈ سے منسلک ہونے کی بنا پر مسافرکے تحفظ کی ضمانت بھی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ٹیکسی کا کم ازکم کرایہ150روپے ہے جبکہ فی کلومیٹر13.70روپے اور فی منٹ اجرت3.70روپے رکھی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام اُبر ٹیکسیاں ایک مرکزی نیٹ ورک سے منسلک ہو نگی اور گاہک کے پاس قریبی ٹیکسی فوری طور پر پہنچ جایا کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مسافرکو اپنے موبائل فون کے ذریعے منزلِ مقصود تک پہنچنے کے وقت کا اندازہ ہوتا رہے گا اور اسکاانتظار کرنے والوں کو بھی پتہ چلتا رہے گا کہ اب وہ کس جگہ پر ہے۔اس طرح فاصلے کم کرنے کے ساتھ ساتھ اُبر مسافر کی جان و مال کا تحفظ بھی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :