وزیر تعلیم رانا مشہود کا لارنس روڈ پر واقع میٹرک کے امتحانی مرکز کا معائنہ

امتحانی مرکز کے انتظامات پر اظہار اطمینان ،صوبے بھر میں امتحانی مراکز کا دورہ کروں گا ‘ رانا مشہود آٹو میشن کے نظام کی وجہ سے امتحانی نظام کے طریقہ کار کو فول پروف بنا دیا گیا ہے ‘ صوبائی وزیر تعلیم کی گفتگو

جمعرات 3 مارچ 2016 20:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے میٹرک کے امتحانی مراکز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لارنس روڈ پر واقع لاہور تعلیمی بورڈ کے مرکزی امتحانی مرکز کا دورہ کیا - انہوں نے مختلف ہالز میں امتحانی پرچے حل کرتے ہوئے طالب علموں کے لئے سہولیات کے حوالے سے امتحانی مرکز کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دیں اور کہا کہ بچوں کو انہماک سے اپنے پیپروں کے حل میں کوئی پریشانی یا رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہیے- اس موقع پر چیئر مین لاہور تعلیمی بورڈ نصراﷲ ورک بھی موجود تھے -میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پنجاب میں میٹرک کے امتحانات کے لئے جامع اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں - پورے پنجاب میں 23 لاکھ بچے 37 سو امتحانی مراکز میں امتحان دے رہے ہیں جہاں 27 ہزار اساتذہ ان کی نگرانی پر مامور کئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ آٹو میشن نظام کی وجہ سے کسی امتحانی پرچے کے لیک یا آؤٹ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا- ہم نے بوٹی مافیا کا مکمل طو رپر خاتمہ کر دیا ہے - میں امتحانی مراکز کا جائزہ لینے کیلئے مختلف اضلاع میں بھی جار ہا ہوں تاکہ متعلقہ مشینری کو بچوں کا امتحان لینے کے سلسلہ میں متحرک اور مستعد کیا جا سکے - ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کی آٹو میشن کی وجہ سے پیپر شروع ہونے میں صرف 20 منٹ بعد میں پتہ چل جاتا ہے کہ کتنے طلبا ء غیر حاضر ہیں یا کسی طالب علم کی جگہ کوئی دوسرا فرد بیٹھ کر پیپر تو نہیں دے رہا ۔