سچ بولنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،کراچی کا امن تباہ کرنیوالے پھربے نقاب ہو گئے ‘عبدالعلیم خان

ثابت ہو گیا کراچی میں پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کا راستہ روکنے اور امن تباہ کرنے میں ایم کیو ایم ملوث تھی ‘ رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 3 مارچ 2016 20:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والے ایک بار پھر بے نقاب ہو گئے ہیں ہم سچ بولنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ثابت ہو گیا ہے کہ کراچی میں پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنوں کے قتل عام اور شہر کا امن تباہ کرنے میں ایم کیو ایم ملوث تھی ،وقت آگیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے معاشی شہر کو عوام اور ملک دشمن عناصر سے ہمیشہ کیلئے پاک کیا جائے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کا راستہ روکنے کی فاشزم پر مبنی ایم کیو ایم کی پالیسی قابل مذمت ہے اور عمران خان نے اسی معاملے پر آواز بلند کی تھی جس کی آج ایک مرتبہ پھر تائید ہو گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں سیاسی جماعتوں کا مقصد اپنے عوام کی بہتری اور ترقی لانا ہو تا ہے اور ملک دشمن عناصر سے ساز باز اور فنڈنگ لے کر اپنے ہی وطن کی تباہی ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب حکومت وقت کا فرض ہے کہ وہ حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے قدم اٹھائے اور سٹیٹ کی رٹ قائم کرتے ہوئے وطن دشمن عناصر کی بیخ کنی کرے ،انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ہو یا کوئی اور اسے اپنے کیے کا جواب دہ ہونا چاہیے بالخصوص کراچی میں گذشتہ 20برسوں سے جاری قتل عام ،اغوا برائے تاوان ،بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں تباہ ہونے والے لاکھوں عوام کو انصاف ملنا چاہیے ،عبدالعلیم خان نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتیں سیاسی مصلحتوں کے باعث ایم کیو ایم کی پردہ پوشی کرتی رہی لیکن اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے کہ گنجائش باقی نہیں کہ پاکستان دشمن سرگرمیوں کو کچلنے میں مزید دیر کی جائے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ اور کراچی کا امن بحال کرنے کا ایجنڈہ رکھتی ہے اور اس سلسلے میں کسی رو رعائیت کی حمائیت نہیں کریں گے اور اگر حکومت درست سمت میں قدم اٹھاتی ہے تو اس کا ساتھ دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایم پی اے شعیب صدیقی نے بھی ایم کیو ایم کے بارے میں سامنے آنے والے حقائق کو ہوشربا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کی ملک دشمن حرکتوں کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے تا کہ کراچی کی روشنیاں واپس لوٹ سکیں ،انہوں نے کہا کہ اب کراچی کے عوام کو زیادہ دیر غمال نہیں بنایا جا سکتا اور انشاء اﷲ وطن عزیز میں امن قائم ہو کر رہے گا البتہ اس کیلئے موجودہ حکومت کو جراء ت کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔