عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کے دوران لندن پولیس الطاف حسین کے گھر سے دستاویزات کا ٹرک بھر کر لے گئی، الطاف حسین مان لیں کہ را ایم کیوایم کوفنڈنگ کرتی ہے

سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال کا پریس کانفرنس میں انکشاف

جمعرات 3 مارچ 2016 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مارچ۔2016ء) سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ جانتی ہے کہ الطاف حسین کے ’’را‘‘ کے ساتھ تعلقات ہیں،عمران فاروق قتل کیس کے بعد سکاٹ لینڈ یارڈ نے تفتیش شروع کی اور الطاف حسین کے گھر سے ٹرک بھر کر دستاویزات لے کر گئے ، ایم کیوایم 20سال سے ’’را‘‘ سے فنڈنگ لے رہی تھی،سکاٹ لینڈ یارڈ کو 20سال کا سارا کچاچٹھا بتا دیا گیا۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو کراچی میں انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ عمران فاروق کی شہادت کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلقات کی بات نکلی۔انہوں نے مزید کہا کہ دبئی بلا کر ہمیں بتایا گیا کہ الطاف حسین نے سکاٹ لینڈ یارڈ کو کیا کیا بتا دیا ہے۔سب کو پتہ ہے ایم کیو ایم کے را سے تعلقات ہیں، انور ، طارق میر اور الطاف حسین را کے ایجنٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد انور سے بھی را سے فنڈنگ کی تحقیقات کی گئیں، الطاف حسین مان لیں ، جس کو حمایت کرنی ہوئی ، وہ ساتھ کھڑا ہوجائے گا اور کچھ لوگ چھوڑ جائیں گے۔