جنگلی حیات کا تحفظ ہم سب کا قومی فریضہ ہے، ہم کومل کر اسے نبھانا ہو گا‘ ڈی جی وائلڈ لائف

جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے طلبا میں آگہی پیدا کرنے کے لئے پروگرام ترتیب دئیے جا رہے ہیں‘ خالد ایاز خان کا جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے سفاری زوپارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 3 مارچ 2016 18:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات پنجاب خالد ایاز خان نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے غیر قانونی شکار کی روک تھام اورجانوروں و پرندوں کے قدرتی ٹھکانوں کی بحالی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کو جنگلی حیات کے تحفظ بارے آگہی پیدا کرنے کے لئے پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بات یہاں لاہور سفاری زو پارک میں جنگلی حیات کے تحفظ بارے دنیا کے 182 ممالک میں منائے جارہے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خان محمد خان،زو پارک مینجمنٹ کمیٹی کی رکن سارہ طاہر ،اعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ،سابق اعزاز گیم وارڈن بدر منیر،پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پروفیسر،طلبا وطالبات کے علاوہ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور معدوم ہوتی نسلوں کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں مگر عوام کی فعال شرکت کے بغیر اس میں کامیابی حاصل کرنا ناممکن ہے۔خالد ایاز خان نے کہا کہ جنگلی حیات کو درپیش خطرات سے نکالنے اور ان کی پیداوار بڑھانے کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے قوانین موجود ہیں مگر انہیں مزید سخت بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنزکے ذریعے جنگلی حیات کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔مگر ابھی اس سلسلہ میں بہت کام کرنا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کرہ ارض کا اہم رکن ہیں اورآج کے دن ہمیں اس کے تحفظ کا عہد کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کی ضروریات پوری کرنے کے لئے جانوروں اور پرندوں کے قدرتی مسکن تباہی کا شکار ہو رہے ہیں جس سے ان کی تعداد میں نمایا ں کمی آتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کرکے انہیں دوبارہ ان کی قدرتی آماجگاہوں میں آباد کرنا اور انہیں بریڈنگ کے لئے قدرتی ماحول فراہم کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہے مگر سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کو بھی اس سلسلہ میں آگے آ کر محکمہ کی مدد کرنا ہو گی۔ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف خالد ایاز خان نے جنگلی حیات کے تحفظ بارے آگہی واک کی قیادت کی اور محکمہ کی طرف سے لگائے گئے سٹالز ،زندہ جانوروں وپرندوں اور حنوط کئے گئے جانوروں وپرندوں کے سٹالز دیکھے۔

قبل ازیں تقریب سے سابق ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف خان محمد خان ،زور مینجمنٹ کمیٹی کی رکن سارہ طاہر،ڈاکٹر کامران،پنجاب یونیورسٹی،یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پروفیسر نے بھی خطاب کیا اور دن کی مناسبت سے جنگلی حیات کے تحفظ بارے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :