وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بے بنیادالزامات پر اے آر وائی نیوز کے چیف ایگزیکٹو اور اینکر شاہد مسعود کو قانونی نوٹس بھجوا دیا، 14 روز میں معافی مانگنے کا مطالبہ ، ایک ارب روپے ہرجانہ اداکرنے کا تقاضہ

شاہد مسعود نے قانونی تقاضہ پورا نہ کیاتو مزید قانونی نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے، نوٹس میں تنبیہ

جمعرات 3 مارچ 2016 18:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مارچ۔2016ء) وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بے بنیادالزامات عائد کرنے اور کردار کشی پر اے آر وائی نیوز کے چیف ایگزیکٹو اور اینکر شاہد مسعود کو قانونی نوٹس بھجوا دیاجس میں 14 روز میں معافی مانگنے مطالبہ اور ایک ارب روپے ہرجانے کا تقاضہ کیا گیا ہے ،اے آر وائی نیوز چینل کے خلاف قانونی شکایت پیمرا کو بھی بھجوائی گئی ہے ،نوٹس میں تنبہ کی گئی ہے کہ شاہد مسعود نے قانونی تقاضہ پورا نہ کیاتو مزید قانونی نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اے آر وائی نیوز کے چیف ایگزیکٹو اور اینکر شاہد مسعود کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے ۔قانونی نوٹس اسحاق ڈار کے وکیل کی طرف سے اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو او ر اینکر کو بھجوا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ شاہد مسعود نے19فروری کے پروگرام میں غلط،گمراہ کن اور توہین آمیز الفاظ استعمال کئے تھے۔

(جاری ہے)

شاہد مسعود کے پروگرام میں بدنیتی کے ساتھ اسحاق ڈار کی کردارکشی کی گئی اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہد مسعود کا ٹاک شو مکمل جھوٹ،بے بنیاد اور من گھڑت مندرجات پر مبنی تھا،اسحاق ڈار عوامی نمائندہ ہیں،اور ان الزام سے ان کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش کی گئی، یہ قابل تعجب ہے کہ معاملے کی تصدیق کئے بغیر اسحاق ڈار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی گئی، مذکورہ ٹاک شو کے مندرجات کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہد مسعود نے اپنے عمل سے الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔

اسحاق ڈار نے ساری عمر دیانتداری سے نام کمایا ہے۔ من گھڑت الزامات اور کردار کشی والے اس پروگرام پر پیمراکارروائی کرے،مذکورہ ٹاک شو کو نشر کرنا الیکڑانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔اے آر وائی نیوز چینل کے خلاف قانونی شکایت پیمرا کو بھی بھجوائی گئی ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہد مسعود نے قانونی تقاضہ پورا نہ کیاتو مزید قانونی نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے،قانونی نوٹس کا تقاضہ پورا نہ ہونے پر متعلقہ قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی،قانونی نوٹس میں شاہد مسعود سے ایک ارب روپے ہرجانے کا تقاضہ بھی کیا گیاہے، وکیل کی طرف سے شاہد مسعود کو ہتک عزت کے قانون کی دفعہ8کے تحت نوٹس بھجوایاگیا،نوٹس میں شاہد مسعود کو معافی مانگنے کی14دن کی مہلت دی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ معافی نامہ کو اسی انداز میں ٹی وی پر نشر کیاجائے جس طرح مذکورہ ٹاک شو نشر ہوا،معافی نامہ کو انگریزی اور اردو کے قومی اخبارات میں بھی نمایاں طورپر شائع کرایا جائے،قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار2013سے وفاقی وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں،اسحاق ڈار1974سے یورپ مشرق وسطی اور افریقہ میں مختلف اعلی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں،اسحاق ڈار گذشتہ22برس سے رکن پارلیمنٹ بنتے آرہے ہیں،اسحاق ڈاردو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور تین مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے، وہ مسلم لیگ ن کے سینئر اور قابل عزت رہنما ہیں،پیشہ وارانہ زندگی میں ساکھ،محنت اور دیانتداری کے باعث اسحاق ڈار کی ہمیشہ عزت کی گئی وہ پاکستان میں مختلف اعلی عہدوں پر اہم سرکاری ذمہ داریاں اداکرتے رہے ہیں،اسحاق ڈار کو برطانیہ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے شعبے میں سونے کا تمغہ بھی ملا،اعلی خدمات پر حکومت پاکستان نے انہیں2011میں نشان امتیاز عطا کیا۔

متعلقہ عنوان :