علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے انوائرنمنٹل ڈیزائن میں ماسٹر ڈگری پروگرام کے داخلے شروع کر دیئے

جمعرات 3 مارچ 2016 16:36

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مارچ۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے برٹش کونسل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے انجینئرنگ کمیونٹی کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے انوائرنمنٹل ڈیزائن میں ماسٹر ڈگری پروگرام کے داخلے شروع کر دیئے ہیں۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے اس پروگرام کی توثیق کردی ہے جسے کونسل کے رجسٹرڈ انجینئرز کیلئے سی پی ڈی کریڈٹ پوائنٹس کے طور پر قبول کیا جائے گا۔

اس پروگرام کو ایچ ای سی نے بھی ایم فل پروگرام کے مساوی قرار دیا ہے۔ پروگرام میں داخلوں کے خواہشمند امیدوار 31مارچ تک داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ داخلہ فارم یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ملک بھر میں موجود تمام علاقائی دفاتر سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سمسٹر بہار 2016ء کے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک کے جاری داخلوں میں یونیورسٹی نے ”انوائرنمنٹل ڈیزائن کا تعارف“ اور ”انوائرنمنٹل نفسیات“ میں چھ ماہ دورانیہ کے سرٹیفکیٹ کورسز بھی پیش کئے ہیں۔

اسی طرح یونیورسٹی نے پانچ مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام میں داخلوں کا آغاز بھی کیا ہے۔ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز میں ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ ( ایم پی ایم)، ماس کمیونیکیشن، تدریس انگریزی بطور غیر ملکی زبان (ٹی ای ایف ایل)، کمپیوٹر سائنس )آن لائن( اور ارلی چائلڈ ایجوکیشن (ای سی ای) شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آٹھ پروگراموں میں ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس کے داخلے بھی ملک بھر میں ایک ساتھ جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :