امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کاپشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مارچ 2016 09:44

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کاپشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03مارچ۔2016ء)پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کے دو اہلکاروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں امریکی سفیرنے کہا ہے کہ پشاور قونصل خانے کے اہلکارعابد شاہ اور فیصل خان سفارتخانے اور قونصلیٹ ٹیم اور فیملی کا جزولاینفک اور قابل قدر اثاثہ تھے ہم ان کے بچھڑ جانے پر بے حد افسردہ ہیں۔

فیصل خان پشاور قونصل خانہ میں سب سے سینئر پاکستانی اہلکار تھے۔ انہوں نے 1998میں انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ افیئرز (آئی این ایل) میں شمولیت اختیار کی اور قبائلی علاقوں میں پوست کی کاشت کے خاتمے کے لیے کام کیا۔

(جاری ہے)

وہ متعدد اضلاع میں پوست کی کاشت کے خاتمے کے عمل میں حکومت ِپاکستان کے معاون ثابت ہوئے۔ وہ اپنی حس ِمزاح ، کام سے لگن اور ایک بہترین شخصیت کے طور پر پہچان رکھتے تھے۔

ہم ان کی وفات پر ان کی اہلیہ، تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ عابد شاہ نے2009میں پشاور قونصل خانہ میں بطور سرویلنس ڈیٹیکشن اسپیشلسٹ شمولیت اختیار کی اور2012میں پروگرام کے خاتمہ پر سیکورٹی ایسکارٹ اور اس کے بعد 2014میں انہوں نے موٹر پول میں شمولیت اختیار کی11بہن بھائیوں کے ساتھ عابد شاہ کے لواحقین میں ایک بیوی اور سات بچے شامل ہیں۔

عابد شاہ پختہ عقیدہ کے حامل عیال دارآدمی تھے جو ہر کسی سے خندہ پیشانی سے ملتے۔ ہم ان کی وفات پر بھی بہت رنجیدہ ہیں۔ امریکی سفیرکے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بہیمانہ قتل اس فطری خطرے کی نشاندہی کرتا ہے جس کا سامنا فرائض کی ادائیگی کے دوران ہمیں اور بالخصوص ہمارے مقامی اہلکاروں کو کرنا پڑتا ہے۔ہم سب اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں اوران خطرات کو مول لیتے ہیں کیونکہ جو کام ہم سرانجام دے رہے ہیں وہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

یہ امر میرے لیے با عث فخر ہے کہ تمام مشن ٹیم ، ریاست ہا ئے متحدہ امریکہ کے یہاں موجود تمام نمائند ہ ادارے ، تمام چاروں پوسٹس اور یہاں موجود امریکی اور پاکستانی ان خطرات کے باوجود مشن فیملی اور اپنے کام سے غیر معمولی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔عابد اور فیصل ایک بہتر پاکستان کے لیے کام کر رہے تھے وہ اور آئی این ایل پشاور میں کام کرنے والا عملہ مسلسل درپیش خطرے سے آگاہ تھے ،مگر اس کے باوجود مشکل ترین حالات میں پاکستان کے استحکام کی خاطر اپنی خدمات اور کامیابیوں پر وہ ہمیشہ بہت پرجوش رہتے تھے۔ سفیرہیل نے کہا کہ ہمار ی تمام تر دعائیں عابد اور فیصل کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔