عارضی بے گھر افراد سمیت فاٹا کے تمام مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے،حکومت اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، فاٹا سے دہشتگردی کا خاتمہ تعلیم کے فروغ اور روزگار کی فراہمی سے ممکن ہے

خیبرپختونخوا کے نئے گورنر اقبال ظفر جھگڑا کا اپنے اعزا ز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

بدھ 2 مارچ 2016 21:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء) خیبرپختونخوا کے نئے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ فاٹا کے مسائل اور خصوصی طور پر عارضی بے گھر افراد کے مسئلہ کا حل میری اولین ترجیح ہے، حکومت اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، دہشتگردی کا شکار فاٹا سے اس عفریت کا خاتمہ قبائلی علاقوں میں تعلیم کے فروغ اور روزگار کی فراہمی سے ممکن ہے ۔

وہ بدھ کو یہاں اسلام آباد کلب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور چیئرمین کیپیٹل سٹیزن کونسل ڈاکٹر احسان الحق کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سابق سفارتکار اکرم ذکی، قبائلی عمائدین اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وہ اتنی اہم ذمہ داری سونپنے پر وزیراعظم نواز شریف کے شکرگزار ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ وہ وزیراعظم کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ان سے کامیابی سے عہدہ براہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام لوگ مجھے خیبرپختونخوا کا گورنر بننے پر مبارکباد پیش کر رہے ہیں تاہم یہ عہدہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے تاہم ان میں بھی سب سے پہلی ترجیح عارضی طور پر بے گھر افراد کی ان کے گھروں کو باعزت واپسی اور بحالی ہے، اس سلسلے میں حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا دہشت گردی سے متاثرہ ہے اور دہشت گردوں کو تعلیم کے فروغ اور لوگوں کو روزگار فراہم کر کے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ کیونکہ اس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اسی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :