بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہیں، منتخب لوگ حلقے کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،گورنر پنجاب

کراچی میں (ن) لیگ کے منتخب ہونیوالے اکثر ارکان کا تعلق کراچی کے پسماندہ علاقوں سے ہے،رفیق رجوانہ کا منتخب نمائندوں سے خطاب

بدھ 2 مارچ 2016 20:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہیں، منتخب لوگ حلقے کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے منتخب ہونے والے اکثر ارکان کا تعلق کراچی کے پسماندہ علاقوں سے ہے اور مرکزی حکومت اُن علاقوں کی پسماندگی کے خاتمے میں ہر ممکن مدد کرے گی۔

بدھ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلم بھٹہ کی قیادت میں کراچی سے بلدیاتی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے منتخب چئیرمینوں اور وائس چئیرمینوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عصمت انور مسعود، آصف خان، سعید اﷲ آفریدی، امن آفریدی، ڈاکٹر شیر، ملک تاج، ممتاز احمد، حاجی شیر اور دیگر منتخب ارکان شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سہرا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی امن عامہ کی پالیسیوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن کے لئے تمام سیاسی اور عسکری قیادت کے ایک پیج پر ہونے سے نہ صرف کراچی میں امن بحال ہوا ہے بلکہ پورے ملک میں معیشت کا پہیہ تیزی سے رواں دواں ہے۔ اس موقع پر سلیم ضیاء اور دیگر چئیرمینوں اور وائس چئیرمینوں نے مسلم لیگ (ن) کو صوبائی سطح پر مستحکم کرنے اور کراچی کے امن عامہ میں مزید بہتری لانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ جس پر گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت تک پہنچایا جائے گا۔