پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، اس سلسلے میں اپنی کوششیں اور کردار ادا کرتا رہے گا

وزیر داخلہ چوہدری نثار کی امریکی سفیر سے ملاقات میں گفتگو ، دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کیلئے باہمی کوششوں پر اظہارِ اطمینان سٹریٹیجک ڈائیلاگ دو طرفہ ہمہ جہتی تعاون کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے، ڈیوڈ ہیل

بدھ 2 مارچ 2016 19:47

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی ، جس میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات ، مختلف امور میں جاری تعاون، پاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ ، کاؤنٹر ٹیررازم کے شعبے میں جاری دو طرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے اور امن کے فروغ کے سلسلے میں پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی باہمی کوششوں پر اظہارِ اطمینان کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں اور کردار ادا کرتا رہے گا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے سٹریٹیجک ڈائیلاگ دو طرفہ ہمہ جہتی تعاون کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے،دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ پاکستان کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گا