ثقافت سے انحراف شناخت کھونے کے مترادف ہے، قدرت اﷲ مینگل

قوم اپنے آباؤاجداد کی ہزاروں سال پرانی رسم و رواج کو زندہ رکھنے میں کردار ادا کرے، جن اقوام نے اپنے کلچر ، زبان کو پس پشت ڈالا آج ان کا نام و نشان تک نہیں، تقریب سے خطاب

بدھ 2 مارچ 2016 18:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء )ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوا کرتی ہے، ثقافت سے انحراف اپنی قومی شناخت کو کھونے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار بی این پی مینگل سرکی کلاں یونٹ کے سیکرٹری قدرت اﷲ مینگل اور دیگر نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچ ثقافت، بلوچ قوم کی روایات کا خوبصورت اظہار ہے، سر پربلوچی زبان میں پاغ کہلانے والی شاہانہ پگڑی ، پیروں میں ہاتھ سے بنی چپل سواس اور لباس پر خوبصورتی سے کی گئی کڑہائی دوچ بلوچ ثقافت کے حسین نشان ہیں۔

شاہانہ پگڑی، سفید لباس روایتی چپل،خواتین کا رنگ برنگ منفرد لباس اور نوجوان ، بچوں کا ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص بلوچ کلچرکو نہ صرف حسین بناتے ہیں بلکہ ان کو دوسروں سے مختلف بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ دن منانے کا مقصد بلوچ ثقافت کو اجاگر کرنا ہے اپنی ثقافت و روایات سے محبت کرنے والے ا س سلسلے میں بہت سی تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں۔ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم بلوچ ثقافتی دن کو یادگار کے طور پر منا کر اپنے آباؤاجداد اور بزرگوں کے ہزاروں سال پرانی رسم ورواج کو زندہ رکھے، بلوچ قوم کی زبان ،کلچر، تاریخ اور ثقافت بہت پرانی ہے، اس دن کو مناکر اپنے رسم ورواج کو زندہ رکھیں انہوں نے کہا کہ جن اقوام نے اپنی کلچر اور زبان کو زندہ نہیں رکھا آج اس قوم اور زبان کا کوئی نام ونشان نہیں۔