بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ،منتخب لوگ حلقے کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،گورنر پنجاب

بدھ 2 مارچ 2016 17:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مارچ۔2016ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہیں اور منتخب لوگ حلقے کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے منتخب ہونے والے اکثر ارکان کا تعلق کراچی کے پسماندہ علاقوں سے ہے اور مرکزی حکومت اُن علاقوں کی پسماندگی کے خاتمے میں ہر ممکن مدد کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اسلم بھٹہ کی قیادت میں کراچی سے بلدیاتی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے منتخب چئیر مینوں اور وائس چئیرمینوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عصمت انور مسعود، آصف خان، سعید اللہ آفریدی، امن آفریدی، ڈاکٹر شیر، ملک تاج، ممتاز احمد، حاجی شیر اور دیگر منتخب ارکان شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سہرا وزیر اعظم نواز شریف کی امن عامہ کی پالیسیوں کو جاتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے تمام سیاسی اور عسکری قیادت کے ایک پیج پر ہونے سے نہ صرف کراچی میں امن بحال ہوا ہے بلکہ پورے ملک میں معیشت کا پہیہ تیزی سے رواں دواں ہے۔ اس موقع پر سلیم ضیاء اور دیگر چئیرمینوں اور وائس چئیرمینوں نے مسلم لیگ (ن) کو صوبائی سطح پر مستحکم کرنے اور کراچی کے امن عامہ میں مزید بہتری لانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جس پر گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت تک پہچایا جائے گا۔