کے ایم یو پشاورمیں انٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس پرسوں شروع ہوگی

بدھ 2 مارچ 2016 16:51

پشاور۔02 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء )خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور اورایسوسی ایشن فار ایکسیلنس ان میڈیکل ایجوکیشن (اے ای ایم ای)کے زیر اہتمام سالانہ تین روزہ انٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس بروز جمعتہ المبارک کے ایم یوکے نوتعمیر شدہ عمارت فیز5حیات آباد میں شروع ہوگی۔ کانفرنس کا پہلا دن پری کانفرنس ورکشاپس کے لئے مختص ہے۔

تین روز تک جاری رہنے والی یہ کانفرنس اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہے جس میں میڈیکل ایجوکیشن اور ریسرچ کے حوالے سے ملکی اور غیر ملکی ماہرین مختلف موضوعات پر تبادلہ خیالات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے روز پری کانفرنس ورکشاپس کے دو الگ الگ سیشن ہونگے۔جن میں نامور ملکی اور بین الاقوامی ماہرین تعلیم، میڈیکل پروفیشنلز اور محققین مختلف موضوعات پر اپنے تحقیقی مقالے اورلیکچرپیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی باقاعدہ افتتاحی تقریب کے ایم یوکے نوتعمیر شدہ عمارت کے ملٹی پرپزز ہال میں5مارچ بروز ہفتہ جبکہ اختتامی سیشن اتوار6 مارچ کو منعقد ہوگی۔ واضح رہے کہ کانفرنس کاانعقاد خیبرمیڈیکل یونیورسٹی اور ایسوسی ایشن فار ایکسیلنس ان میڈیکل ایجوکیشن مشترکہ طورپر کررہے ہیں۔جس کا بنیادی مقصد طب کے میدان میں میڈیکل ایجوکیشن جیسے نظرانداز شعبے کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کرنااور اس میں گزشتہ سالوں کے دوران ہونے والی تحقیق کو منظر عام پر لانے کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات اور فیکلٹی میں جدید تحقیق کے رجحانات پید ا کرنا ہے۔

اس کانفرنس میں صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے علاوہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات ، اساتذہ اور ماہرین صحت وتعلیم شرکت کریں گے۔