پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے درسی کتب کی تقسیم سے متعلق سر کلر جاری کردیا

بدھ 2 مارچ 2016 15:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے آئندہ ماہ اپریل سے شروع ہونے والے تعلیمی سال کے لیے پارٹنر سکولوں کومفت نصابی کتب کی فراہمی کے حوالے سے سرکلر جاری کر دیاہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کنوینر بکس ڈسٹری بیوٹیشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نصابی کتب پارٹنر سکولوں کو بھجوائی گئی ڈیمانڈ کے مطابق مہیا کی جائیں گی۔

سکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ کتب صرف داخل شدہ طالب علموں کوہی جاری کریں۔حکومت پنجاب نے ضلعی ایجوکیشن آفیسرز کو احکامات دیے ہیں کہ وہ کتابوں کی دکانیں چیک کریں۔ اگر کوئی سکول یا فرد مہیا کردہ کتابوں کی خریدو فروخت میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

سرکلر کے مطابق مہیا کر دہ کتابوں کی خریدو فروخت میں ملوث پائے جانے کی کم از کم سزا معاہدہ شراکت داری کی منسوخی ہے۔

فاؤنڈیشن ایسے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق بھی محفوظ رکھتی ہے۔اضافی کتب کے اجراء کی صورت میں سکول مالک کا فرض ہے کہ وہ یہ معاملہ فاؤنڈیشن کے نمائندے کے علم میں لائے اور اضافی کتب واپس کرے۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن کا نمائندہ صرف مخصوص کاؤنٹر سے کتابیں حوالے کرنے تک کا ذمہ دار ہوگا۔پارٹنر سکول کی طر ف سے کتابوں کے وصولی کے بعد ان کتابوں کو محفوظ تحویل میں رکھنا سکول مالک یا اس کے مقر ر کردہ شخص کی ذمہ داری ہوگی۔

متعلقہ عنوان :