ہم نے ملک کو سنبھال کر رکھنا ہے ، خدا پاکستان کو نظر بد سے بچائے، عوام درست قیادت کا انتخاب کریں، کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے،،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت کامیابیاں ملی ہیں

وزیر اعظم نواز شریف کاچکوال میں عمائدین سے خطاب

منگل 1 مارچ 2016 22:36

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام پربھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ درست قیادت کا انتخاب کریں، عوام یقینی بنائیں کہ ان کے منتخب نمائندے درست پالیسیاں بنائیں،کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے ، ہم نے ملک کو سنبھال کر رکھنا ہے ، خدا پاکستان کو نظر بد سے بچائے ، دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے بہت قربانیاں دیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت کامیابیاں ملی ہیں ۔

وہ منگل کو چکوال کے عمائدین سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چکوا ل کے عوام وفادار ہیں جنہوں نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔ عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ درست قیادت کا انتخاب کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام یقینی بنائیں کہ ان کے نو منتخب نمائندے درست پالیسیاں بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013 میں حکومت سنبھالی تو ملک کو توانائی ، دہشتگردی اور عالمی تنہائی کا چیلنج درپیش تھا ۔

حکومتی پالیسیوں کی بدولت توانائی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر اپنامقام پیدا کر رہا ہے ۔ حکومت سنبھالنے کے تین ماہ بعد کراچی کی روشنیاں واپس لانے کے لئے آپریشن کا فیصلہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اندھیروں میں ڈوب چکا تھا اب اس کی روشنیاں بحال کر رہے ہیں ۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے ۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک کو سنبھال کر رکھنا ہے ۔ خدا پاکستان کو نظر بد سے بچائے ۔ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے بہت قربانیاں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں بہت کامیابیاں ملی ہیں ۔ 2013 کے مقابلے میں آج کا بلوچستان بہت پر امن ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ملکی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان میں قومی حکومت بنائی۔

ہم نے ہر صوبے میں سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں وقت گزارنے والوں کا خیبر پختونخوا میں مینڈیٹ تسلیم کیا ۔ ہم نے کہا کہ آپ کا کام دھرنے دینا ہے اور ہمارا کام ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے ۔ ہم نے آزاد کشمیر میں حکومت گرانے کی مخالفت کی اور اکھاڑ پچھاڑ کی سیاست کو خیر باد کہہ کر سب کو ساتھ لے کر چلے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ڈالیں۔…