سزا مکمل کرنے کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی دوسرا موقع دیا جانا چاہیے‘ انضمام الحق

عامر نے جس طرح بھارت کیخلاف باؤلنگ کی لگتا نہیں تھا وہ 5 سال بعد واپسی کررہا ہے، اتنی صلاحیت کے ساتھ ہی کوئی شخص ایک طویل عرصے بعد اسی پرانے دم خم کے ساتھ باؤلنگ کرسکتا ہے ٹی ٹونٹی کرکٹ غیر متوقع طرز ہے اس لیے آپ کسی ٹیم کے بھی امکانات کو رد نہیں کرسکتے،،پاکستانی بلے بازوں کی ایشیا ء کپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان کے پاس ورلڈ ٹی ٹونٹیمیں کامیابی کا موقع موجود ہے‘ انٹرویو

منگل 1 مارچ 2016 22:18

سزا مکمل کرنے کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی دوسرا موقع دیا جانا ..

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کھلاڑیوں سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دونوں کو سزا مکمل کرنے کے بعد دوسرا موقع دیا جانا چاہیے۔سلمان بٹ اور محمد آصف کو اس وقت کے ساتھی کھلاڑی محمد عامر کے ساتھ 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف لارڈ ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر برطانیہ میں جیل کی سزا ہوئی تھی۔

تاہم محمد عامر سزا پوری کرنے کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم میں واپس آچکے ہیں جبکہ آصف اور سلمان بٹ بدستور باہر ہیں اور انہیں رواں ماہ بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انضمام الحق کا خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ایک شخص ایک دفعہ اپنی سزا پوری کرتا ہے تو وہ زندہ رہنے، کھیلنے اور سب کچھ کرنے کا حق رکھتا ہے۔

میرا ماننا ہے کہ دوسرے کھلاڑیوں کو بھی واپسی کا موقع ملنا چاہیے۔انضمام الحق نے گزشہ سال افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اس وقت وہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں نئی دہلی میں ٹیم کے ساتھ مشغول ہیں۔پاکستان کے لیے 120ٹیسٹ اور 388ون ڈے میچز کھیلنے والے سابق مایہ ناز بلے باز نے ڈھاکا میں ایشیا کپ کے میچ میں ہندوستان کے خلاف محمد عامر کے بالنگ اسپیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ اتنی صلاحیت کے ساتھ ہی کوئی شخص ایک طویل عرصے بعد اسی پرانے دم خم کے ساتھ باؤلنگ کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح انہوں نے بھارت کے خلاف باؤلنگ کی اس سے یہ نہیں لگتا تھا کہ وہ 5 سال بعد واپسی کررہا ہے۔ انضمام 8مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو کمزور ٹیم تصور نہیں کرتے۔انضمام کا کہنا تھا کہ پاکستانی بلے بازوں کی ایشیا ء کپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان کے پاس ورلڈ ٹی ٹونٹیمیں کامیابی کا موقع موجود ہے۔ٹی ٹونٹی کرکٹ غیر متوقع طرز ہے اس لیے آپ کسی ٹیم کے بھی امکانات کو رد نہیں کرسکتے۔

متعلقہ عنوان :