جنرل راحیل شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان پہنچ گئے،تاجک صدر امام رحمانوف،وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقاتیں

منگل 1 مارچ 2016 22:09

دوشنبے ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم مارچ۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان پہنچ گئے ۔ آرمی چیف کی تاجکستان کے صدر امام رحمانوف سے ون ٹو ون ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سکیورٹی، افغانستان میں مصالحتی عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف منگل کو تاجکستان پہنچے تو و ہاں کے حکام نے ان کا پرتپا ک استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے پاکستان کی جانب سے افغان کے مصالحتی عمل، پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مضبوط تعلقات اور دفاعی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسداد دہشت گردی کیلئے پاک فوج نے موثر آپریشن کیا ہے جو پوری دنیا کے لئے مثال ہے۔

(جاری ہے)

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے تاجکستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گری کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان تاجک فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کے لئے تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے تاجکستان کے وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جب تاجک آرمی ہیڈ کوارٹر پہنچے تو انہیں چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنر ل راحیل شریف نے ملٹری انسٹی ٹیوٹ ٹریننگ سینٹرتاجکستان کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :