ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے پیشہ وارنہ معیار کو سراہا

ڈی جی رینجرز سندھ کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ

منگل 1 مارچ 2016 21:46

کراچی ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم مارچ۔2016ء) ڈی جی رینجرز پاکستان سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے منگل کے روز اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ایس ایس یو کی انتظامی امور، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امور میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا۔ اس موقع پر اے آئی جی سیکیورٹی سندھ پولیس مقصود احمد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے ڈی جی رینجرز کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور سیکیورٹی وژن 2020ء کے تحت ایس ایس یو کے کردار اور پولیس ایمرجنسی رسپانس سینٹر 911 قائم کرنے میں ایس ایس یو کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ملک کا پہلا پولیس کا ادارہ ہے جسے انسداد دہشت گردی، اہم تنصیبات و اہم شخصیات کو عالمی معیار کے مطابق فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے سلسلے میں یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم (UKAS) برطانیہ کی جانب سے آئی ایس او (ISO) سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اے آئی جی سیکیورٹی نے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیم قائم کردی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول خواتین کمانڈوز جدید تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں۔

یہ ٹیم کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمانڈوز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید اضافے کے لئے پاکستان آرمی مختلف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں تربیت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس یو نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ایک خصوصی پروگرام ہوسٹائل انوائرمنٹ اوےئرنیس ٹریننگ شروع کیا ہے تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اساتذہ، طالبعلم خود کو اور اپنے ارد گرد کے افراد کو محفوظ بنانے کے بارے میں تدابیر سے آگاہ ہو سکیں۔

مقصود احمد نے کہا کہ ایس ایس یو کے افسران وکمانڈوز اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں اور دہشت گردوں سے نمٹنے اور ملک میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ڈی جی رینجرز نے ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیم کی جانب سے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے وقوعہ پر روانہ ہونے کا عملی مظاہر ہ بھی دیکھا۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے اے آئی جی سیکیورٹی سندھ کے ہمراہ اسلحہ خانہ اور نشانہ بازی کی رینج کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یوکی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اور انتظامات کو مثالی قرار دیا۔ آخر میں اے آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو ایس ایس یو کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :