پاک بھارت جامع مذاکرات کی تاریخ ابھی فائنل نہیں ہوئی پہلے کا ٹائم فریم پٹھان کوٹ واقعے سے متاثر ہوا ، وزارت خارجہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تنازعات عرصہ دراز سے حل طلب ہیں تنازعات کو حل کرنے کی بہت کوششیں کی گئیں لیکن نتائج نہیں نکل سکے ،تحریری جواب مردم شماری اسی سال ہو گی،فوج نے شوال آپریشن مکمل کرنے کا وقت مانگا ہے ، ریاض حسین پیرزادہ کا سینیٹ میں وقفہ سوالات میں جواب

منگل 1 مارچ 2016 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) وزارت خارجہ کی طرف سے سینیٹ کو بتایا گیا کہ پاک بھارت جامع مذاکرات کی تاریخ ابھی فائنل نہیں ہوئی پہلے کا ٹائم فریم پٹھان کوٹ واقعے سے متاثر ہوا پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تنازعات عرصہ دراز سے حل طلب ہیں تنازعات کو حل کرنے کی بہت کوششیں کی گئیں لیکن نتائج نہیں نکل سکے جبکہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ مردم شماری اسی سال ہو گی،فوج نے شوال آپریشن مکمل کرنے کا وقت مانگا ہے ۔

منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں وزارت خارجہ کی طرف سے وقفہ سوالات کے دوران تحریری طور پر بتایا گیا کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کا آغاز کرنے پر اتفاق ہوا دونوں ملکوں کے درمیان سیکرٹری خارجہ کے درمیان ملاقات طے ہوئی تھی لیکن ابھی تک نہیں ہو سکی پاکستان اور بھارت میں جامع مذاکرات کوئی متعین میکنزم نہیں ہے جامع مذاکرات کا جو پہلے ٹائم فریم تھا وہ پٹھان کوٹ واقعے سے متاثر ہوا دونوں ملکوں نے جامع مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاہم جامع مذاکرات کی تاریخ ابھی فائنل نہیں ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ پاکستان اور بھارت میں جامع مذاکرات میں جموں کشمیر ، سیاچین ، سرکریک ، وولر بیراج کو زیر بحث لانے پر اتفاق کیا گیا ۔ ایک سوال پر وزیر مملکت انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ بھارت کے سامنے اٹھایا گیا ان امور کو جامع مذاکراتی عمل کے تحت نمٹایا جا رہاہے پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تنازعات عرصہ دراز سے حل طلب ہیں تنازعات کو حل کرنے کی بہت کوششیں کی گئیں لیکن نتائج نہیں نکل سکے ۔

۔ وزارت خارجہ کی طرف سے سینیٹ کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بھارت میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کیلئے 193144 ویزے جاری کئے بنگلہ دیش میں قائم سفارتخانے میں15609 ، افغانستان سے 3 لاکھ 92 ہزار ، روس میں 4 ہزار 918 ، برطانیہ میں قائم سفارتخانے میں 3 لاکھ 12 ہزار 735 امریکہ میں قائم سفارتخانے میں 1 لاکھ 98 ہزار 786 ویزے جاری کئے ۔

وزارت نیشنل ہیلتھ کی طرف سے سینیٹ کو بتایا گیا کہ زچگی کے دوران ایک لاکھ میں 267 خواتین کی موت ہوتی ہے پہلے دوران زچگی خواتین کی شرح ایک لاکھ میں سے 320 تھی سندھ میں اب یہ شرح 350 اور بلوچستان میں 750 ہے ۔ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی آئندہ تاریخ بھی دیدی گئی ہے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس اب تاخیر کا شکار نہیں ہوا کریگا ۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری اسی سال میں ہو گی فوج دستیاب نہ ہونے پر مردم شماری مشترکہ مفادات کونسل نے موخر کی ۔ فوج نے شوال آپریشن مکمل کرنے کا وقت مانگا ہے انہوں نے کہا کہ مردم شماری کیلئے فوجی جوان ابھی میسر نہیں ہیں شوال آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد فوج میسر ہو گی ۔