ڈی جی رینجرز سندھ کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ

میجر جنرل بلال اکبر نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے پیشہ وارنہ معیارکی تعریف

منگل 1 مارچ 2016 20:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء) ڈی جی رینجرز پاکستان سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے منگل کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ایس ایس یو کی انتظامی امور ، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امور میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا ۔اے آئی جی سیکیورٹی سندھ پولیس مقصود احمد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اورسیکیورٹی وژن 2020 کے تحت ایس ایس یو کے کردار اور پولیس ایمرجنسی رسپانس سینٹر 911 قائم کرنے میں ایس ایس یو کی کاوشوں پر روشنی ڈالی ۔

سند ھ میں انسداد دہشت گردی کی یونیورسٹی کے قیام کے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ملک کا پہلاپولیس کا ادارہ ہے جسے انسداد دہشت گردی،اہم تنصیبات واہم شخصیات کو عالمی معیار کے مطابق فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے سلسلے میں یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم (UKAS) برطانیہ کی جانب سے ISO سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اے آئی جی سیکیورٹی نے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں S.W.A.T ٹیم قائم کردی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول خواتین کمانڈوز جدید تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں ۔یہ ٹیم کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ کمانڈوز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید اضافے کے لیے پاکستان آرمی مختلف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں تربیت فراہم کررہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایس ایس یو نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام ہوسٹائل انوائرمنٹ اویئرنیس ٹریننگ(H.E.A.T) شروع کیا ہے تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اساتذہ، طالبعلم خود کو اور اپنے ارد گردکے افراد کو محفوظ بنانے کے بارے میں تدابیر سے آگاہ ہوسکیں۔مقصود احمدنے کہا کہ ایس ایس یو کے افسران وکمانڈوز اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں اور دہشت گردوں سے نمٹنے اور ملک میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈی جی رینجرز نے S.W.A.T ٹیم کی جانب سے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے وقوعہ پر روانہ ہونے کا عملی مظاہر ہ بھی دیکھا۔ڈی جی رینجرزسندھ نے اے آئی جی سیکیورٹی سندھ کے ہمراہ اسلحہ خانہ اورنشانہ بازی کی رینج کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یوکی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اورانتظامات کو مثالی قرار دیا۔آخر میں اے آئی جی سیکیورٹی مقصود احمدنے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو ایس ایس یو کی یادگاری شیلڈ پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :