پٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی ناکافی ہے،مہنگائی کوکنٹرول کیا جائے‘ میاں مقصود احمد

عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کابڑھناتشویشناک ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 1 مارچ 2016 20:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ تاریخی کمی کاشکار ہیں ساری دنیا میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہورہی ہیں جبکہ پاکستان میں معمولی کمی ناکافی ہے،حکومت ریلیف فراہم کرنے کے لئے عوام کوٹیکسوں کے بوجھ سے آزاد کرے،حالیہ کمی کے باوجود پٹرول62.77پیسے ہے اسے مزید 50روپے فی لٹرتک لایاجائے اور اس کے اطلاق کو بھی یقینی بنایا جائے،اشیاء خوردونوش کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاممالک میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔

(جاری ہے)

عالمی مالیاتی ادارے قرضوں میں اضافے کی وجہ سے ملکی معیشت کوجلددیوالیہ ہونے کی نشاندہی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حیران کن امر یہ ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجودپاکستان میں مسلسل مہنگائی کی شرح میں تشویش ناک اضافہ ہورہا ہے۔

حالانکہ ہمیشہ حکومتی سطح پر پراپیگنڈہ کیا جاتا رہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔اب عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں مہنگائی میں کمی کیوں نہیں کی جارہی؟یہ ہمارے حکمرانوں کے لئے سوالیہ نشان اور لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک حکمران اپنے اللے تللے چھوڑ کرعوامی مسائل کے حل کی طرف توجہ نہیں دیں گے ملک میں مثبت تبدیلی نہیں آسکتی۔

پاکستان بحرانوں کی زد میں ہے۔18کروڑ عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔لوگوں کوضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ایک طرف پٹرولیم کی قیمتوں میں معمولی کمی کرکے عوام کو دلاسے دیئے جارہے ہیں تودوسری جانب چینی کے بعد گھی کے نرخوں میں8سے10روپے تک اضافہ کرکے عوم کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت عوام کوحقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔