خواتین کو اب کام کرنیوالی جگہ پر خوفزدہ ہونے یا ملازمت چھوڑ کر گھر بیٹھنے کی ضرورت نہیں ‘ فرخندہ وسیم افضل

پنجاب حکومت نے ملازمت پیشہ خواتین کا ایکٹ 2010ء (ترمیم شدہ ) 2012 کا نفاذ کیا ہے ‘ خاتون صوبائی محتسب

منگل 1 مارچ 2016 20:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) خواتین کو اب کام کرنے والی جگہ پر خوف زدہ ہونے یا ملازمت چھوڑ کر گھر بیٹھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار خاتون صوبائی محتسب فرخندہ وسیم افضل نے ایک اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملازمت پیشہ خواتین کا ایکٹ 2010ء (ترمیم شدہ ) 2012 کا نفاذ کیا ہے جس کے تحت اب خواتین کو ملازمت کے دوران پریشان یا خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔

خواتین اب ملازمت چھوڑ کر گھر بیٹھنے کی بجائے اس ایکٹ کے تحت اپنے حقوق کا تحفظ کرسکتی ہیں۔دوران ملازمت اگر کوئی انہیں ہراساں کرتا ہے تو وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنے ادارے میں قائم کردہ ہراسمنٹ انکوائری کمیٹی سے رابطہ کر سکتی ہیں یا وہ اپنی درخواستیں براہ راست خاتون محتسب پنجاب کو دے سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کایہ ایکٹ خواتین کو ملازمت کی جگہ پر ہراساں کرنے کے خلاف ایک احسن قدم ہے ۔

اس قانون کے تحت صوبہ پنجاب میں واقع تمام سرکاری ، نیم سرکاری ، رجسٹرڈ غیر سرکاری و نجی اداروں ہسپتالوں کالجز ، یونیورسٹیوں اور فیکٹریوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنے ادارہ میں انکوائری کمیٹیوں کا قیام عمل میں لائیں جس میں کم ازکم ایک خاتون ممبر ضرور ہو ۔ مجاز اتھارٹی کا مقرر کردہ ضابط اخلا ق کو انگریزی اور اس زبان میں جو زیادہ تر ملازمین سمجھتے ہوں کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا قونونا لازم ہے ۔

خاتون محتسب نے کہا کہ اگر کسی ادارے میں ان شرائط و قوائد کی تعمیل نہیں ہو رہی تو اس کی تحریری شکایت خاتون محتسب پنجاب کو ایکٹ ہذا کی دفعہ 2 کے تحت درج کروا ئی جا سکتی ہے تاکہ خواتین ملک کی ترقی میں بلا خوف و خطر اپنا کردار کر سکیں ۔ فرخندہ وسیم افضل نے مزید کہا کہ اگر کوئی ادارہ اس ضابطے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے سربراہ کو ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے ۔مزید یہ کہ خواتین کے حقوق اور انہیں تحفظ دینے کے اس عمل میں سب کو پنجاب حکومت کے شانہ بشانہ کام کرنا چاہیے اور حکومتی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہیے تاکہ خواتین اس معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں اور وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دیں ۔

متعلقہ عنوان :