پختونوں کے سروں کا سودا ڈالروں میں کرنے والے کس منہ سے پختونوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں،طارق احمد

منگل 1 مارچ 2016 19:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء)قومی وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق احمد خان نے اے این پی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد خان کے بیان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے سروں کا سودا ڈالروں میں کرنے والے کس منہ سے پختونوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ روز اول سے پختون قوم کے مفادات کے خلاف سودا بازی کرنے والے قومی حقوق کے چمپین بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اے جی این قاضی فارمولا کے تحت 595ارب کے بجلی کے خالص منافع کے بقایاجات کو آربیٹریشن کے ذریعے 110ارب تک نیچے لانے کا ذمہ دار کون ہے؟ انھوں نے کہا کہ اے این پی کی گزشتہ حکومت نے انہی رقم کو اقساط میں وصول کرنے اور کیپنگ پر چپ سادھ اختیار کرناکیا پختون دوستی ہے؟ستم ظریفی یہ ہے کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبے کے حقوق حاصل کرنے ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے صوبے کے کونسے حقوق لئے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ بجلی خالص منافع پر لگے قد غن کا خاتمہ موجودہ صوبائی حکومت کا کارنامہ اور طرہ امتیاز ہے جس سے صوبے کے منافع میں ہر سال اضافے کو یقینی بنایا گیا۔طارق احمد خان نے کہا کہ کرپشن اور اقربا پروری کے نئے ریکارڈ قائم کرنا کس حکومت کا کارنامہ تھا؟انھوں نے زور دیکر کہا کہ اب وہ وقت گزر کیا کہ اپنی ذاتی مفادات کے تحت پختونوں کا مقدمہ کبھی روس تو کبھی امریکہ میں پیش کیا کرتے تھے اب پختونوں کا مقدمہ پختون دھرتی پر بیٹھ کر اور اپنی قوم سے دو قدم آگے بڑھ کر لڑا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی لیڈرشپ تاریخ کے اس سنگین اور مشکل دور میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی لیڈرشپ میں یہ صلاحیت ہے کہ اپنی قوم کو ان اندھیروں اورنام و نہاد قوم پرستوں کے چنگل سے آزاد کرکے حقیقی ترقی اور امن کے راستے پر گامزن کریگا۔