ملک میں مردم شماری کے فیصلہ کو موخر کرناانتہائی افسوسناک ہے،آفتاب شیرپاؤ

مردم شماری وقت کی اہم ضرورت ہے ،مزیدحیلے بہانے اور تاخیرکسی صورت قابل قبول نہیں،چیئرمین قومی وطن پارٹی

منگل 1 مارچ 2016 19:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے ملک میں مردم شماری کے فیصلہ کو موخر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری اس وقت کی اہم ضرورت ہے اوراس میں مزیدحیلے بہانے اور تاخیرکسی صورت قابل قبول نہیں۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ اور موجودہ وفاقی حکومتوں نے ملک میں صحیح مردم شماری کرانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی اور ہمیشہ اس اہم مسئلے کوطول دے کروسائل کی تقسیم ،چھوٹی قومیتوں اور صوبوں کے حقوق کے حصول کی راہ میں روڑے اٹکائے۔

انھوں نے مردم شماری کو بلاجواز موخر کرنے پر افسوس کا اظہار کیا کیونکہ مردم شماری ملک کی آبادی کے صحیح تعین کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں اور چھوٹی قومیتوں کی احساس محرومی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، معاشی بدحالی،بے روزگاری،افراط زر، مہنگائی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال نے پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے تو دوسری جانب وفاقی حکومت ایک صوبے کے مفادات کو مد نظر رکھ کر چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کے مفادات کو یکسر نظر انداز کر رہی ہے جس سے مزید پیچیدگیا جنم لے رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں چاروں صوبوں کے نمائندگی کرنے والے وزرائے اعلیٰ پر لازم تھا کہ بروقت مردم شماری پر زور دیتے اور وفاقی حکومت کواس اہم مسئلے کے حل پر آمادہ کرتے لیکن وفاقی حکومت کی معاندانہ رویہ نے اس عمل کو مزید مشکل کردیا ۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر مردم شماری کیلئے فوری تاریخ مقرر کیا جائے تاکہ چھوٹے صوبوں اور قومیتوں میں پائی جانے والی احساس محرومی،بے چینی اور شکوک و شبہات کا خاتمہ کیا جاسکے۔