نیب نے کچھی کینال منصوبے کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل کرلی

چیئرمین قومی احتساب نے 29دسمبر 2015ء کو کچھی کنال پراجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کی انکوائری کی منظوری دی تھی

منگل 1 مارچ 2016 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب) نے کچھی کینال منصوبے کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل کرلی، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے 29دسمبر 2015ء کو کچھی کنال پراجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کی انکوائری کی منظوری دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے کچھی کینال منصوبے کی تعمیر میں مبینہ طور پر 36کروڑ روپے کی خورد برد کی انکوائری مکمل کرلی ہے، نیب نے کچھی کینال پراجیکٹ کی تعمیر میں مبینہ طور پر 36 کروڑ روپے کی خورد برد کا میڈیا رپورٹس پر 23اگست کو نوٹس لیا، جس میں کہا گیا تھا کہ متعلقہ حکام نے ٹھیکیداروں کو 36کروڑ روپے کی ادائیگی تو کر دی ہے لیکن عملی طور پر زمین پر اس حوالے سے کوئی کام نہیں کیا گیا ہے، نیب نے 18ستمبر 2015ء کو شکایت کی جانچ پڑتال شروع کی جبکہ نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے 29 دسمبر 2015 ء کو کچھی کینال پراجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کی انکوائری کی منظوری دی تھی ۔

(جاری ہے)

انکوائری کے دوران قومی احتساب بیورو نے کچھی کینال پراجیکٹ کے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ایکسیئن اور متعلقہ انجینئر اور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کئے، متعلقہ شواہد اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد انکوائری مکمل کر لی گئی ہے، نیب کے چیئرمین چوہدری قمر زمان نے عزم کر رکھا ہے کہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا

متعلقہ عنوان :