ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کے احاطہ میں خطرناک ملزم اور پولیس میں ہاتھا پائی،ملزم سمیت دو پولیس اہلکار زخمی

منگل 1 مارچ 2016 13:57

حیدر آباد ٹاون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم مارچ۔2016ء) ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کے احاطہ میں خطرناک ملزم اور پولیس میں ہاتھا پائی، ہتھکڑیوں سے ایک دوسرے پر حملہ، ملزم سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز پولیس لائین سرگودھا کے اہلکار سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزم اشفاق عرف کالا کو عدالت میں پیشی کے لیے لے جانے کی غرض سے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا پہنچے جہاں پر پولیس اہلکاروں نے جیسے ہی ملزم کو ہتھکڑی لگا کر گاڑی میں بٹھایا تو پولیس اہلکاروں اور ملزم کے درمیان ہاتھا پائی اور گالم گلوچ شروع ہو گئی، اس دوران خطرناک ملزم نے ہتھکڑی سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیاجس پر جوابی کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے بھی اشفاق عرف کالا کو ہتھکڑی اور مکوں گھونسوں سے چھترول کر دی، اس دوران ملزم شدید زخمی ہو گیا جبکہ دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، زخمی کو تشویش ناک حالت کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور فراری کی کوشش ناکام ہونے پر ملزم نے خود کو اپنی ہی ہتھکڑی کی مدد سے اپنے سر کو لہو لہان کر لیا، ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کے تشدد سے ملزم زخمی ہوا، تھانہ کینٹ پولیس نے ملزم کے خلاف پولیس پر حملہ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اشفاق بینک ڈکیتی ، سنگین وارداتوں، ڈکیتی کے دوران لوگوں زخمی کرنے کے مقدمات میں ملوث ہے ۔

متعلقہ عنوان :