Live Updates

اورنج لائن ٹرین کے خلاف تحریک انصاف کااحتجاج ناکام ہوگیا ‘ میاں عرفان دولتانہ

منگل 1 مارچ 2016 12:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین کے خلاف تحریک انصاف کااحتجاج ناکام ہوگیا ،اس سے پہلے اپوزیشن کے تمام احتجاج ناکام ہوتے رہے ہیں ،اورنج لائن ٹرین کی مخالفت کرنے والے آنکھیں کھولیں ،وہ اس منصوبے پر سیاست نہ کریں ، عمران خان تعصب کی عینک اتاریں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا روٹ ٹریفک کاؤنٹ سروے کروانے کے بعد باقاعدہ تحقیق کر کے اختیار کیا گیا ہے ‘ علی ٹاؤن رائے ونڈ روڈ سے ڈیرہ گجراں جی ٹی روڈ تک ٹریک کی کل لمبائی 27کلو میٹر ہے جس پر 26سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے -یہ ٹریک شہر کے مصروف اور گنجان آباد علاقوں سے گزرے گا اور اس سے روزانہ اڑھائی لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوں گے -چنانچہ یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ اس کے روٹ میں بار بار تبدیلیاں کی جا رہی ہیں - میٹرو ٹرین کے راستے کے اطراف میں واقع تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا ٹریک بھی ممکن حد تک ان عمارتوں سے دور رکھنے کیلئے اضافی اخراجات کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

شالامار باغ سے ٹرین کا ٹریک کم از کم 29میٹر دور رکھنے لئے 35کروڑ روپے سے ساڑھے چار کنال ( 85مرلے) اراضی خصوصی طور پر ایکوائر کی جارہی ہے ۔ٹرین کو چوبرجی سے بھی ممکن حد تک (16میٹر یا 52.5فٹ ) دور رکھنے کے لئے 9کروڑ روپے سے ڈیڑھ کنال (30مرلے)اراضی حاصل کی جارہی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :