ممتاز قادری کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کی جائے گی، مظاہروں کے خدشات کے پیشِ نظر ملک کے اہم شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 مارچ 2016 10:22

ممتاز قادری کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا ..

راولپنڈی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔01مارچ۔2016ء)سابق گورنرپنجاب سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ، راول ڈیم چوک سے ریڈ زون جانے والا راستہ ٹریفک کے لیے بندکردیاگیاہے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سرینہ ہوٹل سے ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے راستے کو بھی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیاگیا ہے۔ نادرا آفس سے شاہراہ دستور کی طرف جانے والے راستے بھی سیل کر دئیے گئے ہیں۔دوسری جانب ممتازقادری کی نمازہ جنازہ اور پھانسی کے بعد جاری ہنگاموں کی وجہ سے راولپنڈی اوراسلام آبادمیں آج بیشترنجی تعلیمی ادارے اوریونیورسٹیاں بندرہیں گی جبکہ اسلام آبادمیں تمام سرکاری اسکول اورکالج کھلے رہیں گے۔

(جاری ہے)

فوجی فاﺅنڈیشن کے زیرانتظام سکول اورکالج بھی آج بندرہیں گے۔ادھرراولپنڈی بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کامیٹرک پارٹ2کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے۔بورڈ کے ترجمان کے مطابق ملتوی ہونے والا پرچہ4اپریل2016ءکولیاجائےگا۔آج ہونے والا پرچہ صرف راولپنڈی،کینٹ کے65مقامی سینٹرز میں ملتوی کیاگیاہے۔ ممتاز قادری کے جنازے کے موقع پر مظاہروں کے خدشات کے پیشِ نظر ملک کے اہم شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام نے جنازہ گاہ کے اردگرد کے علاقے کو عام آدمی کے لیے ناقابلِ رسائی بنا دیا ہے۔حکام نے اس موقع پر شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور لیاقت باغ کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔پیر کو ممتاز قادری کی پھانسی کی خبر عام ہونے کے بعد بھی راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہ سمیت کئی مقامات پر مظاہرین نے احتجاج کیا تھا اور ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا تھا۔

راولپنڈی کے علاوہ کراچی، لاہور اور دیگر شہروں میں بھی محدود پیمانے پر احتجاجی جلوس نکالے گئے تھے۔منگل کو راولپنڈی کی مقامی تاجر تنظیموں کی جانب سے شہر میں دکانداروں سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے جبکہ شہر میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ریڈ زون کی طرف جانے والے راستے سِیل کر دیے گئے ہیں جبکہ سکول اور دکانیں بھی بند ہیں۔

ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کا تعلق سنّی تحریک اور جماعتِ اسلامی سمیت مختلف مذہبی جماعتوں سے ہے اور ان کے جنازے میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پولیس نے پیر کی شب بڑی تعداد میں ایسے افراد کو حراست میں لیا ہے جو جنازے میں شرکت کے لیے وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں سے راولپنڈی آ رہے تھے۔ جماعتِ اسلامی نے قادری کی پھانسی کے دن کو یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے جمعے تک روزانہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں وکلا کی تنظیم اسلام آباد بار کونسل نے بھی پھانسی کے خلاف ہڑتال کرنے اور احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔