میڈیا قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات اور پیغامات کو ان کی اصل روح کے مطابق فروغ دے

ان کے اصل فرمودات کو عوام تک پہنچانا ہمارے فرائض میں شامل ہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا روزنامہ اوصاف کی کراچی سے اجراء کی تقریب سے خطاب

پیر 29 فروری 2016 22:28

کراچی ۔ 29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات اور پیغامات کو ان کی اصل روح کے مطابق فروغ دے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو روزنامہ اوصاف کی کراچی سے اجراء کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم کی اصل تعلیمات اور فرمودات کو عوام تک پہنچانا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار سکندر حیات، وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی، جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عتیق، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر، روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر مہتاب خان، وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ آج ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال اور فرمودات کو ان کی اصل روح کے مطابق اپنانا ہے، ماضی میں ہم نے ان کے اصل فرمودات سے نظریں پھیریں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ ’’نئی بننے والی مسلم ریاست پاکستان میں ہر شہری کو مذہب، رنگ، نسل و زبان سے بالاتر ہو کر یکساں حقوق و مرتبہ حاصل ہو گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کو یاد رکھے اور انہیں فروغ دے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کراچی سے روزنامہ اوصاف کے اجراء کا خیر مقدم بھی کیا۔