تمام دہشت گردگروپ پاکستانی خودمختاری کے درپے ہیں ، بلاامتیازکارروائیوں کااعتراف کرتے ہیں، امریکا

پاکستانیوں نے واضح کردیا دہشت گرد انہیں ترقی سے نہیں روک سکتے ،سٹریٹیجک ڈائیلاگ دونوں ممالک کے تعلقات کے استحکام کا سبب بنیں گے پاکستان سے ملکر پانچ سالہ منصوبوں کی پلاننگ کررہے ہیں،پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام کے خواہاں ہیں،جان کیری ڈائیلاگ کے عمل سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ، امید ہے امریکا اپنی منڈیوں تک پاکستانی اشیاء کی رسائی کو ممکن بنائے گا،آنے والے دنوں میں افغان مصالحتی عمل میں تیزی آئیگی ،پٹھان کوٹ واقعہ سے کچھ مسائل پیدا ہوئے ،اب آگے بڑھ رہے ہیں،پاک بھارت خارجہ سیکرٹری کی ملاقات جلد شیڈول ہوگی،سرتاج عزیز،پاک امریکا سٹریٹیجک ڈائیلاگ سے متعلق میڈیا بریفنگ

پیر 29 فروری 2016 22:07

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) امریکا نے دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی بلاامتیازکارروائیوں کااعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام دہشت گردگروپ پاکستان کی خودمختاری کے درپے ہیں ،پاکستانیوں نے واضح کردیا کہ دہشت گرد انہیں ترقی سے نہیں روک سکتے ،سٹریٹیجک ڈائیلاگ دونوں ممالک کے تعلقات کے استحکام کا سبب بنیں گے پاکستان سے ملکر پانچ سالہ منصوبوں کی پلاننگ کررہے ہیں،پیر کو پاک امریکا سٹریٹیجک ڈائیلاگ سے متعلق پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہاکہ پاکستان میں تعلیم ،سائنس اورٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کررہے ہیں جبکہ توانائی کے شعبے میں بھی پاکستان سے تعاون جاری ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان اورامریکا معاشی اورسول امور پر مشترکہ طورپر پانچ سالہ منصوبوں کی پلاننگ کررہے ہیں جان کیری نے کہاکہ پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ،اوردہشت گردوں کے خلاف بلاامتیازکارروائیاں قابل تعریف ہیں انہوں نے کہاکہ تمام دہشت گرد گروپ پاکستان کی خودمختاری کے درپے ہیں،پاکستانیوں نے واضح کردیا کہ دہشت گردانہیں ترقی سے نہیں روک سکتے ،جان کیری نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی کوششوں سے پاکستان میں بجلی کا شعبہ مضبوط ہورہا ہے،انہوں نے کہاکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے استحکام کا سبب بنیں گے ،ہم نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے پاکستان کی سنجیدگی کے معترف ہیں ،انہوں نے کہاکہ امریکا اورروس جوہری ہتھیاروں میں کمی لانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں خواہش ہے کہ آئندہ ماہ جوہری ممالک کی سربراہوں کی کانفرنس میں نوازشریف شرکت کریں،انہوں نے کہاکہ خطے میں استحکام پاکستان اورامریکا کی مشترکہ خواہش ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام کے خواہاں ہیں،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاک امریکا سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے انعقاد پر جان کیری کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ڈائیلاگ کے عمل سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں ،انہوں نے کہاکہ امید ہے امریکا اپنی منڈیوں تک پاکستانی اشیاء کی رسائی کو ممکن بنائے گا ،سرتاج عزیز نے کہاکہ سیاسی اوراقتصادی طورپر مستحکم پاکستان امریکا کا بہتر شراکت داربن سکتا ہے امید ہے پاکستان کی ترجیحات کے حصول میں امریکا اپنا مثبت کرداراداکرے گا انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہم دہشت گردوں کے مالی راستے بند کررہے ہیں،مشیرخارجہ نے کہاکہ مقامی آبادی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے تمام مذہبی اورقبائلی حلقوں سے رابطے میں ہیں ،پاکستان کی اقتصادی حالت بہت بہتر ہورہی ہے ،پاکستان کو اس کی اپنی حیثیت میں دیکھا جانا چاہیے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی افغانستان میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں،سرتاج عزیز نے کہاکہ چار فریقین کی کوششوں سے افغان مصالحتی روڈ یپ تیار کیا گیا ہے ،امید ہے آنے والے دنوں میں یہ مصالحتی عمل مزید تیزہوگا،انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے کے دیگر ممالک بھی مصالحتی عمل میں تعاون کریں گے،مشیرخارجہ نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے گزشتہ ایک دہائی میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں،سرتاج عزیز نے کہاکہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد مذاکراتی عمل میں تعطل قابل افسوس ہے امید ہے پاک بھارت خارجہ سیکرٹری سطح کی بات چیت جلد شیڈول ہوگی،پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے اورہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ،امن کے لیے بھارت کی جانب بڑھے ہیں ،اورتمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں پاک بھارت مذاکرات میں امریکی کوششیں قابل تحسین ہیں انہوں نے کہاکہ پٹھان کوٹ واقعے سے کچھ مسائل پیدا ہوئے اس واقعہ کے بعد پاکستان نے اہم اقدامات کیے اب ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔