مشترکہ مفادات کی کونسل نے ایس ای سی پی ترمیمی بلکے مسودے کی منظوری دے دی

ایس ای سی پی ترمیمی بل کو پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے جمع کروایا جائے گا

پیر 29 فروری 2016 20:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء ) مشترکہ مفادات کی کونسل نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ترمیمی بل کی مسودے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ایس ای سی پی ترمیمی بل کو پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے جمع کروایا جائے گا۔ مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس پیر کو وزیر عظم میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا جس میں تمام صوبوں کے وزیراعلی نے شرکت کی۔

آئین کے باب سوئم کے آرٹیکل153 کے مطابق تمام وفاقی آئینی اداروں سے متعلق قوانین کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے پہلے مشترکہ مفادات کی کونسل سے منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔ایس ای سی پی کارپوریٹ سیکٹر، انشورنس ، غیر بینکاری مالیاتی شعبے اور کیپیٹل مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کا ذمہ دار انضباطی ادارہ ہے جو ان تمام شعبوں میں رجسٹرڈ ستر ہزار کمپنیوں کو ریگولیٹ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

1999میں اپنے قیام کے بعد ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا اور بیمہ کمپنیوں، غیر بینکاری مالیاتی کمپنیوں، رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ ٹرسٹ اور کماڈٹی ایکسچینج کو اس کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا تمام شعبوں کے واحد ریگولیٹر کے طور پر اس ادارہ کو اس کے ابتدائی قانون میں کافی حد تک اختیارات نہیں تفویض کئے گئے۔ مزید ازاں اس عرصے کے دوران ملک کے کیپیٹل مارکیٹ میں نمایاں تبدیلیاں آئیں اور مختلف عالمی ایجنسیوں سے ایس ای سی پی کے کردار اور ذمہ داریوں کا جائزہ لیا گیا اور اصلاحات کے لئے شفارشات کی گئیں ہیں۔

ایس ای سی پی کے ترمیمی بل میں عالمی ایجنسیوں کی جانب سے کی گئی سفارشات، عالمی تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ تجویز کی گئی ترامیم سے ایس ای سی پی کے ریگولیٹری فریم ورک میں بہتری آئیگی اور سرمایہ کاروں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :