بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے ایم سی کے افسران کے لئے علیحدہ فنڈ کے لئے رقم مختص کی ہے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی

پیر 29 فروری 2016 19:38

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء ) ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے کے ایم سی کونسل کی قرارداد کے ذریعہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی فلاحی تنظیم کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے افسران اور ان کے اہل خانہ کے لئے قائم کردہ 50 لاکھ روپے کے فنڈ میں کے ایم سی کی طرف سے سالانہ 25 لاکھ روپے عطیہ دینے اور اس کو باقاعدہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میزانیہ کا حصہ بنانے کی منظوری دی ہے جس کی باقاعدہ قرارداد بھی منظور کرلی گئی ہے۔

بلدیہ کراچی کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے ایم سی کے افسران کے لئے علیحدہ فنڈ کے لئے رقم مختص کی ہے۔ ’’کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر فنڈ ‘‘ سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کے بچوں کی شادیوں، تعلیم ،بیماری یا حادثاتی موت کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شادی اور تعلیم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ سال میں ایک دفعہ جبکہ بیماری کی صورت میں حسب ضرورت مدد فراہم کی جائے گی۔

قرارداد میں کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس فنڈ کو صرف افسران کی فلاح کے لئے ہی استعمال کرے گی جو قرارداد میں درج ہے جبکہ فنڈ میں باقی رقم ایسوسی ایشن پورا کرے گی۔ ایسوسی ایشن اس فنڈ کے لئے ذیلی قوانین بھی مرتب کرے گی جن کو ایگزیکٹو کمیٹی اور بعد از جنرل باڈی سے منظور کرایا جائے گا۔ دریں اثناء کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے فنڈ کے ذیلی بائی لاز تیار کرنے اور اس پر فوری عملدرآمد کے لئے 3 رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس کے چیئرمین ڈائریکٹر کونسل اور ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر غفران احمد ہیں جبکہ دیگر ممبران میں ڈاکٹر سلیم بھولا والا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی لیگل ایڈوائزر عذرہ مقیم شامل ہیں قائم کی گئی کمیٹی 15یوم کے اندر اندر بائی لاز کی تیاری کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی میں منظوری کے لئے پیش کریگی۔

متعلقہ عنوان :