سندھ میں اسپیشل کیڈرز کے ڈاکٹرز کی 500 خالی اسامیوں کو جلد پر کر لیا جائیگا ،جام مہتاب ڈاہر

صدر میں شراب خانوں سے متعلق اہل محلہ کی شکایات کا جائزہ لیا جائیگا، قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی،توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان

پیر 29 فروری 2016 19:37

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء ) سندھ کے وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا ہے کہ سندھ میں اسپیشل کیڈرز کے ڈاکٹرز کی 500 خالی اسامیوں کو جلد پر کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن سید امیر حیدر شاہ شیرازی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بتائی ۔وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا کہ سول اسپتال ٹھٹھہ میں ڈاکٹرز کی 69 اسامیاں ہیں ، جن میں 33 اسامیاں خالی ہیں ۔

یہ حقیقت ہے کہ ڈاکٹرز کی قلت ہے ۔ سندھ پبلک سروس کمیشن سے کہا گیا ہے کہ اسپیشل کیڈرز کے ڈاکٹرز کے ٹیسٹ اور انٹرویوز کا عمل جلد مکمل کرکے ان کی بھرتیوں کی سفارش کی جائے ۔ صوبے بھر میں اسپیشل کیڈرز کی کل 500 اسامیاں خالی ہیں ، جنہیں جلد پر کیا جائے گا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کے توجہ دلاؤ نوٹس پر کراچی کے علاقے صدر میں شراب خانوں سے متعلق اہل محلہ کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون میں یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ شراب خانے کہاں کھولے جا سکتے ہیں اور کہاں نہیں کھولے جا سکتے اور شراب صرف غیر مسلموں کو فروخت کی جا سکتی ہے ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے ڈاکٹر محمد رفیق بانبھن کے توجہ دلاؤ نوٹس پر سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ تعلقہ فیض گنج میں گورنمنٹ پرائمری اسکول ہاشم آباد چانگ دو کمروں والا اسکول ہے ۔ دونوں کمروں کی چھت گری ہوئی ہے ۔ چار دیواری بھی ٹوٹی ہوئی ہے ۔ واش روم بھی ٹوٹا ہوا ہے ۔ اسکول میں 85 طلباء کی انرولمنٹ ہے ۔ جون 2016 تک اسکول کی مرمت کا کام مکمل کرایا جائے اور غیر دستیاب سہولتیں بھی مہیا کر دی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :