موٹروے پولیس مثالی ادارہ ،کار کردگی قابل تعریف ہے ، تنخواہوں میں فوری اضافہ کیا جانا چاہئے، شیخ آفتاب احمد

ڈرائیوروں کی اچھی تربیت سے ہی حادثات پر قابو پا سکتے ہیں،موٹروے پولیس کی طرف سے بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے ریفشر کورسز مثبت پیشرفت ہے ،وزیر مملکت پارلیمانی امور

پیر 29 فروری 2016 19:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موٹروے پولیس پچھلے 18سال سے جو عوام کی خدمت کر رہی ہے وہ ان کی پیشہ وارانہ قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس ایک مثالی ادارہ ہے اور اس کی کار کردگی قابل تعریف ہے۔ جس کیلئے میں موٹروے پولیس کی لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس حادثات میں کمی اور سڑک پر سفر کرنے والوں کی جانوں کی حفاظت کر کے اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکر دگی کا ثبوت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے معیاری ڈرائیونگ کی تربیت کیلئے ضلعی سطح پر جو روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہیں ۔وہ صحیح سمت کی طرف بہترین قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈرائیوروں کے اچھی تربیت سے ہی ہم حادثات پر قابو پا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کی طرف سے بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے ریفشر کورسز ایک بہت مثبت پیش رفت ہے ۔ جس سے یقینا حادثات کی روک تھا م میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ موٹروے پولیس نے ابھی سے پاک چائنہ اکنامک کور ی ڈور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ابھی سے حکمت عملی طے کر لی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے پولیس لائنز ہیڈ کواٹرز میں موٹروے پولیس کی طرف سے دی گئی محکمانہ بریفنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔جس کیوجہ موٹروے پولیس کی تنخواہیں دوسرے محکموں کی نسبت کم سطح پر آگئی ہے لہذا موٹرو پولیس کی تنخواہوں میں فوری اضافہ کیا جانا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس میں نفری کی کمی اورگاڑیوں کی کمی کو جلد پورا کیا جائیگا۔اس موقع پر آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کہا کہ پچھلے 18سالوں کی انتھک محنت سے موٹروے پولیس پاکستان کی بہترین اور معیاری ٹریفک ریگولیشن اور انفورسمنٹ ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے عوام کی اخلاقی اور دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سسٹم کو جلد ISO-17024کا درجہ حاصل ہو جائیگا جس سے اس کو انٹرنیشنل سٹیٹس بھی مل جائیگا۔ اس موقع پر وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ موٹروے پولیس 2898کلومیٹر پر پیٹرولنگ کر رہی ہے ۔

جس میں 679کلومیٹر موٹرویز اور 2219ہائی ویز شامل ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ وقت موٹروے پولیس کو 400سے زائد گاڑیوں کی کمی کا سامنا ہے جبکہ نفری کی بھی شدید کمی ہے۔ وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ موٹروے پولیس اپنے موجودہ وسائل سے اسلام آباد مری ایکسپریس وے ، M-4فیصل آباد گوجرہ اور ملتان خانیوال سیکشن کے علاوہ لیاری ایکسپریس وے اور ناردن بائی پاس کراچی پر پیٹرولنگ کر رہی ہے۔

جس کیلئے وزیر مملکت نے یقین دلایا کہ ان کے یہ مسائل جلد دور کر دئیے جائیں گے۔ وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ ملک میں معیاری ڈرائیونگ میں کمی کا سامنا ہے جبکہ ان حالات میں مستقبل میں شروع ہونے والے پاک چائنہ اکنامک کوری ڈور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہے۔ جس کو مدنظر ر کھتے ہوئے موٹروے پولیس نے ضلع کی سطح پر پورے ملک میں روڈ سیفٹی ٹرنینگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہیں جہاں بہترین معیار کی ڈرائیونگ ٹریننگ مہیا کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ موٹرویز پر ای ٹیکٹنگ سسٹم شروع کر دیا گیا ہے جسے جلد ہی پورے پاکستان میں ہائی ویز پر بھی ای ٹکٹنگ کا نظام شروع کردیا جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ افتاب احمد کو محکمے کی شیلڈ پیش کی جبکہ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ افتاب احمد شہدا کی یادگار پر پھو ل چڑھائے اور فاتحہ پڑھی ۔

متعلقہ عنوان :