لبنان ، بھگوڑے گلوکار جنگجو کو پانچ سال قید کی سزا

فضل شاکر پر دوست عرب ملک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی

پیر 29 فروری 2016 18:46

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) لبنان کی ایک عدالت نے سابق پاپ اسٹار فضل شاکر کو فرقہ واریت پھیلانے کے جْرم میں قصور وار قرار دے کر ان کی عدم موجودگی میں پانچ سال قید کی سزا سنادی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مفرور فضل شاکر نے 2011ء میں لبنان کے سلفی عالم شیخ احمد العسیر کی بیعت کا اعلان کیا تھا اور گانا بجانا بالکل ترک کردیا تھا۔

(جاری ہے)

لبنان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق مفرور جنگجو فضل شاکر پر ایک انٹرویو کے دوران لبنان کے ایک دوست عرب ملک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔لیکن لبنانی ایجنسی نے اس دوست ملک کا نام ظاہر کیا ہے اور نہ چھالیس سالہ سابق گلوکار پر عاید کردہ کسی اور الزام کا ذکر کیا ہے۔ 2013ء میں شاکر نے دو لبنانی فوجیوں کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اسی سال شیخ احمد العسیر کے حامیوں کی لبنانی فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں اٹھارہ فوجی ہلاک اور چالیس زخمی ہوگئے تھے۔عدالت نے سابق پاپ اسٹار کو 310 ڈالرز جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے اور انھیں شہری حقوق سے محروم کردیا ہے۔ وہ مبینہ طور پر فلسطینی مہاجرین کے کیمپ عین الحلوہ میں کہیں روپوش ہیں

متعلقہ عنوان :