پیپلزپارٹی حکومت کوہم نے عوام کے تابع بنائے رکھا ،ساڑھے چارسالوں کی بلاتخصیص تعمیروترقی ،مثالی کارکردگی دیکھ کرمخالفین واویلا کرنا شروع ہوگئے ہیں،چوہدری عبدالمجید

عوام کے حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی جمہوری، عوامی اور پسے ہوئے طبقات کی جماعت ہے ،ہمیشہ وڈیرہ شاہی کیخلاف جہاد کیا، عوامی ووٹ کے تقدس کااحترام او رتحفظ کویقینی بنائیں گے،آئندہ الیکشن میں عوامی حقوق پرکسی کویلغارنہیں کرنے دیں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

پیر 29 فروری 2016 18:43

میرپور؍اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت کوہم نے عوام کے تابع بنائے رکھا اور ساڑھے چارسالوں کی بلاتخصیص تعمیروترقی اورمثالی کارکردگی دیکھ پرہمارے مخالفین ہماری حکومت کے خلاف واویلا کرنا شروع ہوگئے۔ انھیں پیپلزپارٹی فو بیاہوگیاہے۔

برادریوں ، علاقوں اور پلاٹوں کے نام پرسیاست کرنے والوں کی سیاست کودفن کردیاہے۔ اب کسی لینڈ مافیاکوعوامی حقوق سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ عوام کے حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی جمہوری، عوامی اور پسے ہوئے طبقات کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ وڈیرہ شاہی کے خلاف جہاد کیا۔ عوامی ووٹ کے تقدس کااحترام او رتحفظ کویقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

آئندہ الیکشن میں عوامی حقوق پرکسی کویلغارنہیں کرنے دیں گے۔ انتخابات میں ووٹرز کوآزادانہ ماحول میں ووٹ کاسٹ کرنے کاموقع دیں گے۔ ووٹرکے تحفظ اورسکیورٹی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔حکومت آزادکشمیرانتخابات کوآزادانہ اورمنصفانہ بنائے گی اور کسی کوانتخابات ہائی جیک نہیں کرنے دے گی۔ اقتدارکے نشے میں جلدبازی اوربے تابی کرنے والوں کے تمام خواب ادھورے رہ جائیں گے۔

ن لیگ اقتدارکے نشے میں ہے انتخابات میں ان کا نشہ اترجائیگا۔ وہ یہاں پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما مرحوم رفیق بجاڑوی کی رہائش گاہ پربات چیت کررہے تھے۔اس موقع پرڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات چوہدری جاوید اقبال، ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری محمدمشتاق، سابق چیئرمین چوہدری گلزار، ایڈمنسٹریٹراسلام گڑھ محمدعظیم بھٹی، ذوالفقاربجاڑوی ، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماماسٹر فضل الرحمن سمیت مقامی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیرکابیس کیمپ ہے۔ بیس کیمپ کے تقاضوں کے مطابق امن وامان کوہرصورت بحال رکھاجائے گا۔ ریاست جموں وکشمیر میں کسی بھی جماعت کوسیاسی افراتفری پھیلانے یانمبرداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون وقاعدے کی عملداری کویقینی بنایاجائے گا۔ انھوں نے کہاکہ سابقہ اداروں میں ووٹ کے تقدس کوپامال کرنے والوں کایوم حساب آگیاہے۔

آمدہ الیکشن میں عوامی رائے کااستحصال کرنے والوں کواپنی اوقات یاد دلادیں گے۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنی کارکردگی کے باعث دوبارہ حکومت بنائے گی۔ بیساکھیوں کے سہارے اقتدارکے متلاشی منہ چھپاتے رہیں گے۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کوسپورٹ کیا۔ ہم نے بھی حکومت کوعوام کے تابع بنائے رکھا۔ میرے دوراقتدارمیں وزیراعظم ہاؤس کے دروازے چوبیس گھنٹے عوام کے لیے کھلے رکھے اور لوگوں کی جائے مشکلات کواپنی اولین ترجیحات میں رکھا۔

لوگوں کے مسائل کوسپاس ناموں کی نذرنہیں ہونے دیااور ہم نے سرکاری تقریبات میں کھانوں سمیت وی آئی پی کلچرکاخاتمہ کیا۔ میں نے کوشش کی کہ خود عوام کے پاس جاکران کے مسائل حل کروں جس میں مجھے بھرپورکامیابی حاصل رہی۔دریں اثناء انھوں نے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت کے پانچ سال میں مسئلہ کشمیرسرفہرست رکھا گیا۔

مسئلہ کشمیرکے حل کے سلسلہ میں تمام سیاسی جماعتوں او ر حریت قیادت کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھاکیا۔ انھوں نے کہاکہ جب تک مقبوضہ کشمیربھارت کے چنگل سے آزادنہیں ہوجاتا اس وقت تک بیس کیمپ کی حکومت اپنی پرامن جدوجہدجاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوب ایشیاء میں پائیدارامن قائم نہیں ہوسکتااور نہ ہی پاک بھارت تعلقات ماحول پرآسکتے ہیں۔ عالمی برادری کوریاست جموں وکشمیر کے عوام کے مسلمہ حق خودارادیت کوسامنے رکھتے ہوئے کشمیریوں کوان کاپیدائشی حق دلانے کے لیے اپناموثر کرداراداکرناچاہے اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانیت سوز مظالم بھی بند کروائیں۔