بلاول بھٹو کی شرمین عبید کودوسری بار آسکر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد

پیر 29 فروری 2016 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 فروری۔2016ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی صحافی اورفلمساز شرمین عبید چنائی کی غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے موضوع پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری فلم کو آسکر ایوارڈ ملنے پر انہیں مبارکباد دی ، بلاول بھٹو زرداری نے شرمین عبید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی فلمز کے ذریعے پاکستانی خواتین کا کیس بہادری سے اٹھایا ہے اور ملک اپنی ذہین اور بہادر بیٹی پر فخر کرتا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بھی یہی مشن اور خواب تھا کہ پاکستانی خواتین نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پراپنا کردار ادا کریں اور معاشرے میں مردوں کے شان بشانہ چلیں، شرمین عبید کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کی جانب رواں دواں ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے ملک میں پہلی بار آئینی اور قانونی تحفظ کے ساتھ خواتین کو مخصوص نشستوں پرپارلیامینٹ ممبربنایا ، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973کے آئین کے تحت پارلیامینٹ میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں رکھنے کا تصور دیا ، بعد میں پاکستان پیپلزپارٹی نے جنرل نشستوں پر بھی خواتین کونامزد کیا ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں،خواتین کو قومی اسیمبلی کی پہلی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکربنانے کا اعزازبھی پیپلزپارٹی نے دیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں فرسٹ وومین بینک قائم کرنے ، خواتین کے لیے پولیس اسٹیشنز قائم کرنے اور ہائی کورٹس میں خواتین ججز کی نامزدگی کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کو معاشرے میں بلا تفریق اور بلا امتیاز اپنا کردار ادا کرنے کے لیے انہیں ملک کے مختلف شعبوں میں سرکردہ عہدوں پر فائز کیا اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل معاشرے کے لیے داغ ہے ، انہوں نے نے نواز شریف حکومت پر زور دیا کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے خلاف قانونسازی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانونسازی کے لیے گذشتہ سال سینیٹ میں پیش کیے گئے بل کو فوراً مزید کارروائی کے لیے اٹھایا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے مشن کو آگے بڑہاتے ہوئے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تمام شعبوں میں سرکردہ کردار دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :