پاکستان سپر لیگ کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ، لیگ کو تسلسل سے جاری رکھنے کیلئیپی سی بی کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے،آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں انڈین کھلاڑیوں کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی مگر پھر بھی اس سے ویرات کوہلی جیسا کھلاڑی سامنے آیا،بھارت اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے لیگ کرکٹ میں شرکت کرنی چاہیے

ٹیسٹ کر کٹر یونس خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 29 فروری 2016 15:24

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 فروری۔2016ء) ٹیسٹ کر کٹر یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کو تسلسل سے جاری رکھنے کیلئے کرکٹ بورڈ کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے۔ آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں انڈین کھلاڑیوں کیپرفارمنس اچھی نہیں تھی مگر پھر بھی آئی پی ایل سے ویرات کوہلی جیسا کھلاڑی سامنے آیا۔

بھارت اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے لیگ کرکٹ میں شرکت کرنی چاہیے۔وہ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ یونس خان نے کہاکہ مستقبل میں پی ایس ایل کے کچھ میچ پاکستان میں ضرور منعقد کرنے چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلی بار سپر لیگ منعقد کر رہا تھا اور سیکیورٹی سمیت دیگر خدشات بھی موجود تھے اس وجہ سے بعض انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے اس میں شرکت سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کے حوالے سے یونس خان نے کہاکہ یہ پریشر گیم تھا۔ گراوٴنڈ میں 22کھلاڑی کھیل رہے تھے مگر دونوں ملکوں میں دو ارب انسانوں کے دل دھڑک رہے تھے۔ پاکستان اور بھارت کے میچ کو دنیا بھر میں اربوں لوگوں نے دیکھا۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہو تا ہے۔ویرات کوہلی نے مشکل حالات میں انڈیا کی پو زیشن مستحکم کرکے جیت یقینی بنا دی مگر پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین پریشر بر داشت نہ کر سکا۔

گزشتہ روز پاک بھارت میچ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے یونس خان نے کہاکہ جب ٹیم ہارتی ہے تو اس قسم کی باتیں ہو تی رہتی ہے۔ بھارت کے خلا ف میچ فکسنگ کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے آئیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ بھار ت کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم بری طرح ہار رہی تھی اورپورے ملک میں سوگ تھا مگر بعض پاکستانی کھلاڑی گراوٴنڈ میں ہنس رہے تھے یونس خان نے اس حوالے سے کہاکہ بھارت کے خلاف کرکٹ میچ کے دوران فیلڈ میں کھلاڑیوں کوسنجیدگی دکھانی چاہیے کیونکہ 20کروڑ عوام کی نظریں ان پر لگی رہتی ہے۔

متعلقہ عنوان :