اسلام آباد اور کراچی میں جاری قومی جونئیر کھلاڑیوں کے تربیتی پروگرام 14 مارچ کو اختتام پزیر ہونگے

پیر 29 فروری 2016 13:55

اسلام آباد ۔ 29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام اسلام آباد اور کراچی میں جاری قومی جونئیر کھلاڑیوں کے تربیتی پروگرام 14مارچ کو اختتام پزیر ہونگے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق فیڈریشن نے سال 2017ء ڈیوس کپ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل نئی ٹیم تشکیل کرنے کیلئے 2 سال پر محیط تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا پہلا مرحلہ اسلام آباد میں شروع ہوگا اور کراچی میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد تربیتی پروگرام میں 14 سے 17 سال کے نامور کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جس میں محمد مزمل مرتضیٰ، امان عتیق، حمزہ بن ریحان، برکت اللہ، ابدال حیدر شامل ہیں اور انہیں کوچ حمید الحق جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔ اسی طرح کراچی میں صاحبزادہ محمد علی، محمد رضا سواتی، ابراہیم اور محمد نعمان آفتاب شامل ہیں اور انہیں جلیل خان تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام 2 سال تک جاری رہے گا اور امید ہے سال 2017ء کے ڈیوس کپ کیلئے باصلاحیت اور نامور کھلاڑی سامنے آئیں گے اور وہ بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کا نام روشں کریں گے۔