اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ راؤنڈ سیریز ٹینس چیمپئن شپ، 20 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق،کھلاڑیوں کی آمد 6 مارچ سے شروع ہوگی

پیر 29 فروری 2016 13:51

اسلام آباد ۔ 29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) اسلام آباد میں رواں ماہ شروع ہونے والی اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ راؤنڈ سیریز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے چھ ممالک کے کھلاڑیوں کی آمد 6 مارچ سے شروع ہوگی۔ پاکستان ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ایونٹس میں 20 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق ایشین ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو دو جونیئر ایونٹ کی میزبانی دی ہے۔

اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ راؤنڈ سپر سیریز ٹینس چیمپئن شپ 7 سے 13 مارچ جبکہ دوسرا ایونٹ 14 سے 20 مارچ تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ پہلی لیگ میں آٹھ جبکہ دوسری لیگ میں 11 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ایونٹس میں برطانیہ، سری لنکا، ہانگ کانگ، ملائیشیا اور بھارت کے مرد خواتین کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹس میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد 6 مارچ سے شروع ہو جائے گی۔

خالد رحمانی نے کہا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن نے ہمیں دونوں ایونٹس کیلئے 12 وائلڈ کارڈ انٹری کی اجازت دی ہے۔ سیکریٹری نے کہا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کو دو بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی خوش آئند بات ہے، اس سے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے بحال ہوں گے۔ امید ہے کہ پاکستان میں دیگر ٹینس کے مقابلے بھی بہت جلد بحال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ملائیشین کھلاڑی وی وائی شین کو وائلڈ کارڈز کے ذریعے اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14اینڈ راؤنڈ سیریز ٹینس چیمپئن شپ کے پہلے ایونٹ میں شرکت کی اجازت دی ہے۔ ملائیشین کھلاڑی نے دوسری لیگ میں باضابطہ طور پر شرکت کی تصدیق کی ہے تاہم پہلی لیگ میں وہ شرکت نہ کر سکے جس کی وجہ سے انہوں نے فیڈریشن کو درخواست دی ہے کہ انہیں وائلڈ کارڈ جاری کیا جائے تاکہ وہ پہلی لیگ میں بھی شرکت کر سکیں۔