10 ہزار میٹر بلند لواری ٹاپ پر جیپ ریلی پشاور کے یاسر خان نے جیت لی

پیر 29 فروری 2016 12:44

لواری ٹاپ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 فروری۔2016ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اپر دیر میں سطح سمندر سے ساڑھے 10ہزار میٹر بلندی پر واقع لواری ٹاپ پر جیپ ریلی پشاور کے یاسر خان نے جیت لی، ریلی میں مختلف شہروں کے ماہر ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔لواری ٹاپ پر جیپ ریلی کاانعقاد حکومت خیبرپختونخوا اور پاک فوج کی جانب سے کیا گیا۔ جیپ ریلی کا ٹریک 21 کلومیٹر پرمشتمل تھا، جس کے پرخطر راستوں پر پشاور، اسلام آباد، چترال اور دیگرعلاقوں کے ڈرائیوروں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

لواری جیپ سنو ریلی پشاور سے شروع ہو کر دیر لوئیر میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں 50 سے 60 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ لواری پاس دنیا کے بلند اور خطرناک ترین جیپ ٹریکس میں سے ایک ہے۔ دس ہزار فٹ کی بلندی پر ساڑھے بارہ کلومیٹر کے اس ٹریک میں 42 انتہائی خطرناک موڑ تھے جنہیں اس ریلی کے شرکاء نے عبور کیا۔

(جاری ہے)

۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہیکہ ریلی کے انعقاد سے لوگوں کو اس حسین وادی کی طرف متوجہ کرنے میں مدد ملی گی۔

ڈرائیوروں نے لواری ٹاپ کے دشوار گزار ٹریک پر ڈرائیونگ کی تو شائقین دنگ رہ گئے، علاقے سے منتخب ممبر قومی اسمبلی صاحب زادہ طارق اللہ کا کہنا تھا کہ ایسی تفریحی سرگرمیوں سے لوگوں کو اس حسین وادی کے بارے میں پتہ چلے گا۔ریلی میں جی او سی مالاکنڈ میجر جنرل نادر خان، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے، نمایاں کارکردگی دکھانے والے ڈرائیوروں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔لواری کے مشکل ترین ٹریک پرڈرائیوروں نے کمالِ مہارت کا مظاہرہ کیا، منتظمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ سے تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ علاقے میں سیاحت کو فروغ بھی ملے گا۔