ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ، بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں کل آمنے سامنے ہونگی

پیر 29 فروری 2016 11:42

ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ، بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں کل آمنے ..

میرپور ۔ 29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل منگل کو بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں شیر بنگال سٹیڈیم میر پور، ڈھاکہ میں پنجہ آزما ہونگی۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان نے میچ میں کامیابی کے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ کانٹے دار ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ میگا ایونٹ میں پانچ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کر رہی ہیں۔ میگا ایونٹ میں شامل ٹیموں میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت اور متحدہ عرب امارات شامل ہے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں یہ بھارت کا تیسر میچ ہے، بھارت نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کو مات دی تھی۔

بھارت نے اب تک چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ ایشیا کپ 6 مار چ کو ختم ہوگا۔ بنگلہ دیش میں ہونے والا ایشیا کپ مجموعی طور پر 13واں اور بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والا پانچواں ٹورنامنٹ ہے۔ بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والا ایشیا کپ پہلی دفعہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کا ہے جس کی وجہ سے ایشیا کپ کی ٹیموں کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔ ایشیا کپ کے تمام میچز شیر بنگال سٹیڈیم میر پور بنگلہ دیش میں ہوں گے۔