عراق،یکے بعد دیگرے 2 خود کش بم دھماکوں میں 25 افراد ہلاک، 60زخمی ہوگئے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، داعش نے لڑائی سے بھاگنے والے 12ساتھی جنگجوؤں کو پھانسی دیدی، عراقی سکیورٹی فورسز نے داعش کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا،جھڑپ میں2 خودکش حملہ آوروں سمیت متعدد جنگجو ہلاک، 13سکیورٹی اہلکارمارے گئے، 22 زخمی،امریکی اتحادی فورسز کے جہادیوں پر مزید 22 حملے،جنگجووٴں کے متعدد مورچے اور عمارتیں تباہ

اتوار 28 فروری 2016 21:23

عراق،یکے بعد دیگرے 2 خود کش بم دھماکوں میں 25 افراد ہلاک، 60زخمی ہوگئے،ہلاکتوں ..

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28فروری۔2016ء) عراق کے دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگرے 2 خود کش بم دھماکوں میں 25 افراد ہلاک اور 60زخمی ہوگئے ،بیشترزخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،ادھر داعش نے لڑائی سے بھاگنے والے 12ساتھی جنگجوؤں کو پھانسی دیدی جبکہ عراقی سکیورٹی فورسز نے داعش کی طرف سے کیا گیا بڑا حملہ ناکام بنا دیا،جھڑپ کے دوران13سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملے ایک پرہجوم مارکیٹ میں کیے گئے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے صدر سٹی کے شیعہ ضلع کی مریدی مارکیٹ میں جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے خود کو دھماکہ خیزمواد سے اڑا لیا جس کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری تھیں اور جائے وقوعہ پر بڑی تعداد میں لوگ اکٹھے تھے کہ اس دوران ایک اور خودکش بمبار نے خودکو اڑا لیا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں 25افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بیشترزخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے حملوں کی ذمے داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم شدت پسند اسلامی تنظیم داعش اس نوعیت کے حملے ماضی میں کر چکی ہے۔

ادھرعراق میں شدت پسند تنظیم داعش نے لڑائی سے بھاگنے والے 12جنگجوؤں کو پھانسی دیدی۔صوبہ نینوا کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش نے 12 ساتھی جنگجوؤں کو صوبہ انبار کے شہر موصل میں لڑائی کے دوران فرار ہونے والے 12 ساتھی جنگجوؤں کو لوگوں کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔دوسری طرف عراقی حکام نے بتایا ہے کہ ملکی سکیورٹی فورسز نے انتہا پسند گروہ داعش کی طرف سے کیا گیا ایک حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

بغداد کے مغرب میں واقع ابو غریب میں صبح تین خود کش کار حملے کیے گئے، جس کے بعد جنگجوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ حکام کے مطابق سکیورٹی چیک پوائنٹ پر موجود سپاہیوں نے جوابی کارروائی کی جس میں2 خود کش حملہ آوروں سمیت کئی دہشتگرد ہلاک ہو گئے اس کے علاوہ 13 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شدید جھڑپ کے بعد جہادیوں کو پسپا کر دیا گیا۔

دوسری جانب امریکی اتحادی فورسز نے انتہا پسند گروہ داعش اور دیگر جہادی تنظیموں کے خلاف مزید 22 فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ روزعراق میں جہادیوں کے 14 ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔گزشتہ روزاس فوجی اتحاد نے شام میں بھی داعش کے آٹھ اہداف کو نشانہ بنایا۔ بتایا گیا ہے کہ عراق میں سات حملے موصل کے شمال میں کیے گئے، جن میں جنگجووٴں کے متعدد مورچوں اور عمارتوں کو تباہ کر دیا گیا۔