پاک فوج کے کیپٹن عمیر عبداللہ آبائی علاقے تر مٹھیاں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک،شہید کی نماز جناز ہ میں صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور ،وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سمیت اعلیٰ سول اور فوجی افسران کیشرکت ،قبر پر صدر ‘ وزیر اعظم ‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور آرمی چیف کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں

اتوار 28 فروری 2016 20:14

مری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28فروری۔2016ء) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن عمیر عبداللہ کو آبائی علاقے تر مٹھیاں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا،شہید کی نماز جناز ہ میں صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور ،وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سمیت اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے شرکت کی،قبر پر صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف ‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود ‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شوال میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے کیپٹن عمیر عبداللہ کو آبائی علاقے تر مٹھیاں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

شہید کی قبر پر صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف ‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود ‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کی طرف سے بھی شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔ اس سے قبل پاک فوج کے شہید ہونے والے افسر شہید کیپٹن عمیر عبداللہ کی نماز جنازہ مری کے علاقے بیروٹ میں ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور ،وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سمیت اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے جوانوں نے وادی شوال کے علاقے منگروتی میں فرار ہوتے ہوئے دہشتگردوں کا گھیراؤ کیا جس دوران انتہا پسندوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 19شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ،فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن عمیر عبداللہ سمیت چار فوجی جوان شہید ہوئے۔