جے یو آئی ضلع صوابی کا پنجاب اسمبلی کی جانب سے حقوق نسواں بل واپس لینے کا مطالبہ

اتوار 28 فروری 2016 17:34

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 فروری۔2016ء) جے یو آئی ضلع صوابی نے منظور کر دہ قرار دادوں میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کر نے ،کوٹھا ماڈل کو بحال رکھنے اور پنجاب اسمبلی کی جانب سے حقوق نسواں بل واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ جے یو آئی ضلعی مجلس عمومی کا اجلاس امیر ضلع مولانا عطاء الحق درویش کی صدارت میں ہوا جس میں مولانا عطاء الحق درویش کے علاوہ مرکزی نائب امیر مولانا فضل علی حقانی ، الحاج غفور خان جدون، جنرل سیکرٹری مولانا احسان الحق ، ضلع کونسل کے کنوینئر حاجی عصر خان ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد ہارون حنفی، تحصیل نائب کنوینئر رزڑ حافظ بلال ، مولانا شفیق الرحمن ، نور الا سلام ، قاضی عبدالصمد اور تحصیل آمراء نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حقوق نسواں کا جو بل پاس کیا ہے ہم اس کی مذمت کر تے ہیں لہٰذا یہ بل واپس لیا جائے اسی طرح حکومت وومن یونیورسٹی کو کوٹھا ماڈل سکول میں منتقل کر نے کی بجائے اس کے لئے اراضی خریدی جائے اور کوٹھا ماڈل سکول بحال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کر کے پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچا دیں۔اور کہا کہ چاروں تحصیلوں میں تر بیتی اجتماعات کا سلسلہ شروع کیا جائے اور اسی طرح تیرہ مارچ کو ہونے والے ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں جے یو آئی بھر پور شرکت کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں وحدت اساتذہ ، وکلاء ، جے ٹی آئی او ر خواتین تنظیموں کو فعال کیا جائیگا ۔

قبل ازیں موضع زروبی میں جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے ضلع کونسل کے اراکین اور صوابی ڈیمو کریٹک الائنس کی چھ رکنی کمیٹی کے اجلاس سے انہوں نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ کر نے کا بدلہ عوام پاکستان تحریک انصاف سے آئندہ الیکشن میں لینگے ۔ صوبائی حکومت عملاً این جی اوز چلا رہی ہے جے یوآئی ضلع صوابی کی مقتدر جماعت ہے اور رہے گا آئندہ الیکشن میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر بھر پور انداز میں کامیابی حاصل کرینگے