قومی وطن پارٹی کی وومن آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام

قومی وطن پارٹی شعبہ خواتین ہر سطح پر صوبے کی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے آواز اٹھائے گی۔انیسہ زیب طاہر خیلی

اتوار 28 فروری 2016 17:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 فروری۔2016ء) خیبر پختونخوا کی وزیر محنت و معدنی ترقی اور قومی وطن پارٹی کی مرکزی جنرل سیکرٹری انیسہ زیب طاہر خیلی نے قومی وطن پارٹی کی خواتین ونگ پر زور دیا ہے کہ وہ پارٹی کو نچلی سطح پر منظم اور مضبوط کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لا ئیں اور اس سلسلے میں پارٹی کو مزید فعال بنانے کی غرض سے وومن آرگنائزنگ کمیٹی اپنے رابطے تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی دفتر وطن کور میں خواتین ونگ کیلئے الگ دفتر کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا جس سے خواتین ونگ سے متعلق تمام امور احسن طریقے سے نبھائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے قومی وطن پارٹی کے مرکزی دفتر ” وطن کور “ میں پارٹی کے شعبہ خواتین کے تنظیمی امور سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی وطن پارٹی شعبہ خواتین کی صوبائی سطح پر کور گروپ کی سینئر خواتین جس میں سابقہ اراکین صوبائی اسمبلی نسرین خٹک اور نعیمہ نثار ، رکن صوبائی اسمبلی معراج ہمایون ، تانیہ گل و دیگر شامل ہیں نے شرکت کی ۔منعقدہ اجلاس میں پارٹی شعبہ خواتین کے تنظیمی امور کو بہتر انداز میں چلانے اور آئندہ کیلئے پارٹی کی اضلاع کی سطح پر خواتین ونگ کی تنظیم سازی کیلئے جمہوری انداز میں ایک سات رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں معراج ہمایون ، نسرین خٹک ، شاہین سلطان ، نازنین احمد ، نعیمہ نثار ، تانیہ گل اور نبیلہ خان شامل ہیں۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ہم ہر فورم پر خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے ہر طرح سے آواز اٹھائیں گے اور خواتین کو با اختیار بنانے سمیت خصوصی تعلیم ، سماجی بہبود اور دیگر شعبوں میں خواتین کے حقوق کیلئے ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی خصوصی ہدایات کے پیش نظر پارٹی کی شعبہ خواتین سے قریبی روابط رکھے جائیں گے اور ہر سطح پر صوبے کی خواتین کیلئے آواز اٹھائی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاق کے ساتھ صوبے کی واجب الادا رقم کی ادائیگی کا معاملہ طے پا گیا ہے اور اب وہ کٹ لگانے کی روش آئندہ کیلئے ختم ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ نئی نو منتخب آرگنائزنگ باڈی اضلاع میں تنظیم سازی اور دیگر تنظیمی امور سے متعلق پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو رپورٹ کرے گی اور باہمی مشاورت کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی

متعلقہ عنوان :